• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز 2ارکان کا نام لیں جنہیں قید میں رکھ کر ووٹ ڈلوایا، شبلی


کراچی(ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازنے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ہار گئی تو ٹھیک وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ مل گیا تو متنازع ہوگیا، یہ بغلیں بجارہے تھے کہ اعتماد کا ووٹ نہیں ملے گا، یہ سمجھتے ہیں دنیا ان کی باتوں پر یقین کرلے گی، ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کی ویڈیو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت بنائی گئی، ایسے شواہد موجود ہیں کہ عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دلوانے کیلئے زبردستی کی گئی۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہمیں کوئی نہ بتائے اخلاقیات کیا ہوتی ہے ہم نے اپنے 20ارکان کو نکالا تھا، مریم نواز کی پی ٹی آئی ارکان کو حبس بے جا میں رکھنے کی باتیں لغو اور فضول ہیں، جن ارکان کا مریم نواز حوالہ دے رہی ہیں ان کو سامنے لے آئیں۔ حکومتی اور اتحادی ارکان کل پہلے سے زیادہ تعداد میں اسمبلی میں موجود تھے، وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ ملنے سے اپوزیشن کو شرمندگی ہوئی ہے، پوری قوم نے دیکھا یوسف رضا گیلانی کے بیٹے نے کس طرح ووٹ خرید کر الیکشن جیتا، عنقریب علی حیدر گیلانی کی ویڈیو سے زیادہ شفاف چیزیں الیکشن کمیشن اور عدالت لے کر جائیں گے، سماعت شروع ہوگی تو قوم کو اصل بات بتادیں گے۔ سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی بوتل میں پتا نہیں کون سا پانی ہوتا ہے کہ اعتماد سے جھوٹ بولتی ہیں، نواز شریف اور مریم نواز کبھی ایجنسیوں کو غیرجانبدار کہتے ہیں تو کبھی جانبداری کا الزام لگادیتے ہیں، مریم نواز ان دو ارکان قومی اسمبلی کا نام لیں جنہیں ایجنسی نے چار گھنٹے قید میں رکھ کر عمران خان کو ووٹ دلوایا۔ شبلی فراز نے کہا کہ ن لیگ جو الیکشن جیت جائے وہ ٹھیک ہے جو ہار جائیں وہ ٹھیک نہیں ہوتے، یہ کس نے کہا کہ اپوزیشن کو سینیٹ میں اکثریت حاصل ہے، ہم نے بلوچستان کو نمائندگی دینے کیلئے صادق سنجرانی کی حمایت کی ہے۔

تازہ ترین