کراچی کے علاقے لیاری میں چینی شہری پر فائرنگ کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
جیو نیوز کو موصول ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فائرنگ سے قبل دونوں ملزمان نے گاڑی کا پیچھا کیا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
انھوں نے بتایا تھا کہ دونوں حملہ آوروں نے چینی باشندے کی گاڑی کا پیچھا کیا، ملزمان نے نائن ایم ایم پستول استعمال کیا، جبکہ جائے واقعہ سے دو خول بھی ملے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملنے والے دونوں خول فارنزک کے لیے بھیج دیے گئے۔
انھوں نے بتایا کہ چینی شہری روزانہ لیاری اسی گاڑی میں آتا تھا۔
خیال رہے کہ آج کراچی کے علاقے لیاری میں فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک چینی شہری سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
زخمی ہونے والا چینی باشندہ کراچی کے ساؤتھ سٹی میں صفائی کرنے والی کمپنی کا ملازم بتایا جاتا ہے۔