• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوسف رضا گیلانی کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد


اسلام آباد ہائیکورٹ نے یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ میں کامیابی کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللّٰہ نے پی ٹی آئی ایم این اے علی نواز اعوان کی درخواست وکیل کے دلائل سننے کے بعد مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا۔

ہائیکورٹ نے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو بطور ایم پی اے نااہل کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی ۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کیس میں ریمارکس دیئے کہ علی نواز اعوان صاحب آپ بڑے اچھے اور قابل صلاحیت عوامی نمائندے ہیں، آپ کا کیس الیکشن کمیشن میں چل رہا ہے پہلے اسی فورم کو استعمال کریں۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے علی نواز اعوان سے استفسار کیا کہ آپ ایسی درخواستیں یہاں کیوں لے کر آتے ہیں، اس موقع پر یہ رٹ قابل سماعت نہیں ہے، غیر ضروری طور پر عدالتوں میں سیاسی معاملات لانا ٹھیک نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کی وفاقی دارالحکومت سے سینیٹ کی جنرل نشست پر کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی تحریک انصاف کی استدعا مستردکرتے ہوئے ترمیم شدہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔

الیکشن کمیشن نے درخواست واپس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ویڈیو میں موجودتمام افراد کو فریق بنا کر دوبارہ درخواست دائر کی جائے، جن افراد کے درمیان لین دین ہے اسے ثابت کر دیں تو سب کے خلاف کارروائی بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتاکہ پیسے دینے والا برا بن جائے اور لینے والا دندناتا پھرے، علی حیدر گیلانی کی ویڈیو میں پیسوں کا ذکر ہے اور نہ ہی ٹکٹ دینے کاہے، رقم لینے والوں کا بیان حلفی توہونا چاہئے تھا ، انصاف وہ نہیں ہوتا جو آپ کے حق میں ہو ، ہم چاہتے ہیں انصاف ایسا ہو جو نظر آئے ۔

تازہ ترین