امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اشرافیہ کے بچے اور کاروبار باہر ہے، لیکن خود یہاں حکمرانی کے مزے لوٹنے اور عیاشی کرنے کے لیے موجود ہیں۔
لاہور سے جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قرضہ 45 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، قوم سوال کا حق رکھتی ہے کہ یہ رقوم کہاں خرچ کی گئیں۔
سراج الحق نے کہا کہ اشرافیہ کے بچے باہر اور کاروبار باہر، لیکن خود یہاں حکمرانی کے مزے لوٹنے اور عیاشی کرنے کے لیے موجود ہیں۔
انھوں نے کہا کہ قوم کو اب ان تمام لوگوں کا ناطقہ بند کرنا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وزیراعظم عمران خان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے عوام کے ارمانوں کا خون کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بڑے بڑے دعوے کرکے اقتدار میں آئی، وزیراعظم دعوﺅں اور وعدوں سے قوم کو تسلیاں د ے رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جتنے قرضے پی ٹی آئی حکومت نے لیے ہیں اس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، احتساب کے نام پر تماشا ہورہا ہے۔