حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے متفقہ طور پر چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے، علی حیدر گیلانی کا کہنا ہے کہ انشاءاللّٰہ ہم 5 ووٹوں سے جیتیں گے۔
یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ کے باہر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم سینیٹ میں جائیں گے تو ہم تعداد میں زیادہ ہوں گے، انشاءاللّٰہ جیت جمہوری قوتوں کی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ لوگ الزام ہمارے اوپر لگاتے ہیں اور خود دعوے کرتے ہیں۔
اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی نے بھی میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کی اور چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی نشست پرجیت کی پیش گوئی کی۔
علی حیدر گیلانی نے کہا کہ انشاءاللّٰہ ہم پانچ ووٹوں سے جیتیں گے۔
واضح رہے کہ سینیٹ کے چیئرمین کے انتخاب کیلئے حکومت کی جانب سے صادق سنجرانی کو اپنا اُمیدوار نامزد کیا گیا ہے جبکہ اپوزیشن اپنے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو اِس عہدے پر دیکھنا چاہتی ہے۔
سینیٹ کی موجود صورتحال کے تناظر میں اپوزیشن اتحاد کے پاس 51 اراکین کی اکثریت اور حکومتی اتحاد کے پاس 47 اراکین ہیں،لہٰذا اس الیکشن میں ایک ایک ووٹ کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔