کراچی (جنگ نیوز) سینیٹ کے تاریخی الیکشن اور وزیراعظم عمران خان کا اعتماد کا ووٹ لینے کے بعدجمعہ کو سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ پاکستانی سیاست کے اِس اہم ترین دِن پاکستان کا سب سے بڑا نیوز چینل ”جیونیوز“ ایک بار پھر اپنے ناظرین کیلئے خصوصی نشریات پیش کرے گا جو تمام دِن جاری رہیں گی۔ چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومت نے صادق سنجرانی کو اپنا اُمیدوار نامزد کردیا ہے جبکہ اپوزیشن یوسف رضا گیلانی کو اِس عہدے پر دیکھنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن اتحاد کے پاس 51 اراکین کی اکثریت اور حکومتی اتحاد کے پاس 47 اراکین ہیں۔ لہٰذا اس الیکشن میں ایک ایک ووٹ کی اہمیت بھی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ اب چیئرمین سینیٹ حکومت کا ہو گا یا پی ڈی ایم کا یہ جاننے کیلئے پورے ملک کی نظریں سیاست کے اس اہم ترین انتخاب پر جمی ہوئی ہیں۔ سیاسی سرگرمی سے بھر پور اس اہم دِن کی ہر خبر، نیوز اپڈیٹس، تجزیئے اور تبصرے، نمائندوں اور ماہرین کی سب سے بڑی اور معتبر ٹیم کے ساتھ تمام دِن جیو نیوز پر نشر کی جائیں گی۔ دِن بھر نشر ہونے والے نیوز بلیٹنز میں بھی اس اہم الیکشن کے حوالے سے خصوصی کوریج کی جائے گی۔ اس کے علاوہ روز مرہ نشر کئے جانے والے ٹاک شوز میں بھی ایوان بالا کے انتخابی عمل پر سیاسی ماہرین کی موجودگی میں اہم گفتگو ہوگی۔