پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پولنگ بوتھ میں نصب سامان کل سوا ایک بجے سیٹ ہوا تھا، سینیٹ میں پولنگ بوتھ میں نصب کیمروں کے خصوصی مناظر جیو نیوز نے حاصل کرلیے۔
مصدق ملک نے ویڈیو میں بتایا کہ کل دوپہر ایک بجے لگے آلات کے ساتھ کیمرے اور مائیک نصب ہیں، بوتھ میں نصب سامان کل سوا ایک بجے سیٹ ہوا تھا۔
لیگی رہنما نے ویڈیو میں بتایا کہ پولنگ بوتھ میں ایک ڈیوائس لگی ہے جس کے ساتھ تار لگی ہے، جبکہ ایک باریک سوراخ بالکل اس جگہ لگا ہے جہاں بیلٹ پیپر پر مہر لگنی تھی۔
مصدق ملک کا کہنا ہے کہ ریکارڈنگ ڈیوائس سے یہ ریکارڈ ہونا تھا کہ کس نے کس کو ووٹ دیا ہے۔
دوسری جانب ایوان میں کیمرے برآمد کرنے کی کہانی جیو نیوز کو سناتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بتایا کہ شیری رحمٰن نے مجھے اور مصدق ملک سے کہا کہ آپ پہلے چلے جائیں اورجاکر ہال کا جائزہ لیں، جا کر دیکھیں کہ ہال میں کہیں کیمرے تو نہیں لگے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بتایا کہ سینیٹ ہال میں دیکھا تو ٹی وی اسکرین کے نیچے کیمرا لگا تھا، کیمرے کو پکڑا تو اسے ٹیپ کے ساتھ چپکایا گیا تھا، کیمرے کے پیچھے دیکھا تو ایک اور کیمرا بھی موجود تھا ،دونوں کیمروں کا رخ پولنگ بوتھ کے اندر تھا۔
واضح رہے کہ سینیٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے پولنگ بوتھ میں کیمرہ لگا ہونے پر شدید احتجاج کیا اور بوتھ اکھاڑ کر سیکریٹری سینیٹ کی نشست پر رکھ دیا جس کے بعد پریزائیڈنگ آفیسر مظفر حسین شاہ نے پولنگ بوتھ دوبارہ بنانے کا حکم دیدیا۔