• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین الیکشن، PDM ہار گئی، حکومت جیت گئی

سینیٹ چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین الیکشن، PDM ہار گئی، حکومت جیت گئی


اسلام آباد (اے پی پی، جنگ نیوز) چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن پی ڈی ایم ہار گئی، حکومت جیت گئی، یوسف رضا گیلانی کے 7ووٹ مسترد ہوگئے جسکے بعد صادق سنجرانی کی جیت کا اعلان کردیا گیا۔ 

حکومتی اتحاد کے امیدوار سینیٹر صادق سنجرانی 48 ووٹ حاصل کر کے چیئرمین سینیٹ منتخب ہو گئے ہیں جبکہ انکے مد مقابل امیدوار سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے 42 ووٹ حاصل کئے۔

ایک ووٹ پر دونوں امیدواروں کے نام کے آگے مہر لگی ہوئی تھی،مجموعی طور پر 8 ووٹ مسترد ہوئے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی اتحاد کے مرزا محمد آفریدی 10 ووٹوں کی برتری سے ڈپٹی چیئرمین بن گئے۔

اپوزیشن کے مولانا عبدالغفور حیدری کو 44 ووٹ ملے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں ایوان میں موجود 98 سینیٹرز نے ووٹ کاسٹ کیےجمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹ کے 100 ارکان میں سے 98 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

ایک رکن اسحاق ڈار کا نوٹیفیکیشن الیکشن کمیشن کی جانب سے معطل ہے جبکہ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان غیر حاضر رہے، ووٹنگ سے پہلے پولنگ بوتھ میں خفیہ کیمروں کے انکشاف پر پی ڈی ایم نے ایوان میں شدید احتجاج کیا، جس پریزائیڈنگ آفیسر مظفر حسین شاہ نے حکومت اور اپوزیشن کے تین تین ارکان پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی بنا دی۔

سینیٹرز کی حلف برداری کی تقریب کے بعد پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے مبینہ خفیہ کیمروں کی تنصیب پر اعتراض کیا جسکے بعد اپوزیشن اراکین کے احتجاج نے ایوان کو مچھلی بازار میںتبدیل کر دیا، تاہم پریذائنڈنگ افسر نے ایجنڈے سے ہٹ کر کوئی معاملہ موضوع بحث لانے سے انکار کردیا ، انکا کہنا تھا کہ آج حلف اور چیئرمین کے انتخاب کے علاوہ کوئی معاملہ نہیں اٹھایا جاسکتا۔ 

انہوں نے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ ووٹ کی سیکریسی کوبرقرار رکھیں۔ سینیٹ کیلئے پولنگ کا عمل تین بجے پریذائیڈنگ آفیسر سینیٹر سید مظفر حسین شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب سے قبل 48 نو منتخب ارکان نے سینیٹرز کا حلف اٹھا ۔ 

سید مظفر حسین شاہ نے پولنگ کے آغاز سے قبل پولنگ کے طریقہ کار اور قواعد و ضوابط کے حوالے سے ارکان کو آگاہ کیا۔ تین بجکر 18 منٹ پر سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن کے نامزد امیدوار ہیں۔ 

چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل پرامن طریقے سے شام چار بجکر 40 منٹ پر مکمل ہو گیا، آخری ووٹ پریزائیڈنگ آفیسر سینیٹر سید مظفر حسین شاہ نے ڈالا۔ 

سینیٹر مشتاق احمد خان کی غیر حاضری کے باعث پریزائیڈنگ افسر نے شام پانچ بجے تک پولنگ کا وقت مکمل ہونے کا انتظار کیا اور اس کے بعد ایک منٹ تک سینیٹر مشتاق احمد کیلئے گھنٹیاں بجائی گئیں لیکن ان کے ایوان میں نہ آنے پرووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی۔ 

انتخابی عمل کے دوران سینیٹر فاروق حامد نائیک نے سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی جبکہ سینیٹر محسن عزیز نے سینیٹر صادق سنجرانی کے پولنگ ایجنٹ کے فرائض انجام دیئے۔ 8 ووٹ مسترد کر دیئے گئے۔

تازہ ترین