ڈرامہ سیریل ’چپکے چپکے‘ سے مقبولیت حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ ایمن سلیم حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی ساتھی فنکار جوڑی اداکارہ کبریٰ خان اور اداکار گوہر رشید کے دفاع میں بول پڑیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر حال ہی میں ممتا کی دہلیز پر قدم رکھنے والی اداکارہ نے اپنے ساتھی فنکاروں کے لیے آواز بلند کی اور سوشل میڈیا صارفین کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ایمن سلیم نے انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ شادی کی تقریبات ذاتی چیز ہیں، اس لیے اگر اچھی بات نہیں کہہ سکتے تو برا بھی نہیں کہنا چاہیے۔
انہوں نے طویل انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کبریٰ خان اور گوہر رشید پر تنقید کرنے والوں کو کھری کھری بھی سنائی۔
انہوں نے لکھا کہ جب کبھی کوئی اپنی زندگی اپنی خوشی سے جینے کی کوشش کرتا ہے تو لوگوں کو اس پر غیر ضروری تنقید کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے لکھا کہ اگر ایک سیلیبریٹی جوڑا مقدس مقام پر نکاح کرتا ہے اور پھر اپنی مرضی اور خوشی سے اپنی شادی کا جشن مناتا ہے تو اس میں آپ کو کیا تکلیف ہے؟ یہ آپ کو کس طرح متاثر کر رہا ہے؟ لوگوں کے لیے دوسروں کی خوشی میں خوش رہنا اتنا مشکل کیوں ہے؟
اداکارہ کے مطابق کسی کو کسی دوسرے کے اخلاص یا ایمان پر کسی دوسرے کو سوال کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، ایمان ہو یا جشن منانا یہ ذاتی معاملہ ہے، اگر آپ کسی کی خوشی میں خوش نہیں ہو سکتے تو اپنے کام سے کام رکھیں۔
واضح رہے کہ ادکاراہ کبریٰ خان اور اداکار گوہر رشید کو مکہ مکرمہ میں سادگی سے نکاح کے بعد شیندی کی تقریب میں ڈانس کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔