انسان نے جب گھر بناکر رہنا شروع کیا تو روشنی اور ہوا کے لیے چھتوں اور دیواروں میں خالی جگہیں چھوڑیں، جنہیں روشندان اور کھڑکی کا نام دیا گیا۔ وقت گزرتا گیا اور ان کو بنانے کے انداز میں بھی تبدیلیاں آتی گئیں۔ آج کے مضمون میں ہم کھڑکیوں بالخصوص بڑے حجم (سائز) والی کھڑکیوں کا ذکر کررہے ہیں۔ کھڑکیوں کی افادیت سے کسی کو انکار نہیں کیونکہ یہ گھر کو روشنی، ہوا، باہر کی آواز سے بچاؤ اور خوبصورتی مہیا کرتی ہیں۔
ان کے ذریعے مکین بیرونی نظاروں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، کھڑکیوں کا سب سے اہم کام گھر کو باہر کی آلودگی سے محفوظ رکھنا ہے، جو کہ اندرونی ماحول کو ہلکا اور تازہ رکھنے کے لیے بہت ضروری ہے۔ دن ہو یا رات، بڑی کھڑکیاں خوبصورت ماحول تخلیق دینے میں کامیاب رہتی ہیں۔
ہمارے یہاں عام طور سے چھوٹے سائز کی کھڑکیاں لگانے کا رواج رہا ہے لیکن اب مغرب کی دیکھا دیکھی یہ رجحان تبدیل ہورہا ہے۔ اب کمرے کی کسی ایک دیوار پر دو یا چار کھڑکیاں نصب کرنے کے بجائے اس کے بڑے حصے پر بڑی اور چوڑی کھڑکیاں لگانے کو ترجیح دی جارہی ہے۔ آپ مکان تعمیر کروارہے ہیں یا تزئین نو کے عمل سے گزر رہے ہیں تو بڑی کھڑکیاں لگانے کے بارے میں لازمی سوچیں۔ بالخصوص اگر گھر کسی کھلی جگہ پر زیرِ تعمیر ہے یا پہلے سے تعمیر شدہ ہے تو اس کی چوڑی دیواروں میں چھوٹی کھڑکیوں کی جگہ بڑی کھڑکیاں لگوائیں۔
بڑی کھڑکیوں کے فوائد کےساتھ ان کی موجودگی تعمیراتی ڈھانچے کو بھی جاذبِ نظر بناتی ہے۔ لیکن ذہن میں سوال آتا ہے کہ گھر میں کہاں کہاں بڑی کھڑکیاں لگائی جائیں؟ کھڑکیاں لگانے کا بنیادی مقصد روشنی اور ہوا کا حصول ہے اس لیے انہیں گھر کے ہر حصے میں لگایا جاسکتا ہے۔
تاہم، کھڑکی لگانے کے لیے اُس دیوار کا انتخاب کریں جہاں روشنی اور ہوا کا رُخ زیادہ ہو۔ تعمیراتی ماہرین کے مطابق گھر کے کسی بھی حصے میں اگر درست سمت میں بڑی کھڑکیاں لگائی جائیں تو وہاں دن کے اوقات میں برقی روشنیوں کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
دیوان خانہ/بیٹھک
ہمارے یہاں عموماً دیوان خانے/بیٹھک (لیونگ روم) میں سے گھر کے بیرونی حصے میں جانے کا راستہ نکالا جاتا ہے جس کا دروازہ عموماً لکڑی یا شیشے کا بنا ہوتا ہے۔ تاہم، جدید ٹرینڈز پر عمل کرتے ہوئے اب دروازے کے ساتھ بڑی کھڑکیاں لگانے کا رجحان بھی زور پکڑ رہا ہے۔ ان کھڑکیوں کو حرارتی موصل (Thermal conductor) بنایا جاسکتا ہے تاکہ سورج کی کرنیں نقصان نہ پہنچاسکیں۔
خواب گاہ
آجکل خواب گاہ (بیڈروم) میں بڑی کھڑکیاں لگانے کا رواج ہے۔ اس کے لیے عموماً بیڈ کے سامنے والی دیوار کا انتخاب کیا جاتا ہے اور انہیں لگانے کے لیے زیادہ تر سلائیڈنگ ونڈو فریم استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر کسی وجہ سے آپ بیڈ کی مخالف سمت میں بڑی کھڑکیاں نہ بنواسکیں تو پھر بیڈ کی سائیڈ والی کسی دیوار میں انہیں لگوایا جاسکتا ہے۔
مہمان خانہ
آپ گھر کے مہمان خانے (ڈرائنگ روم ) کے لیے بھی بڑی کھڑکیوں کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ خاص کر اگر آپ کے گھر میں باغیچہ موجود ہے تو مہمان خانے کی اس دیوار میں بڑی بڑی کھڑکیاں لگوائیں جن کا رُخ باغیچے کی جانب ہو۔ اس طرح نہ صرف آپ بلکہ گھر آئے مہمان بھی موسم کی رنگینیوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ بارش کے موسم میں کھڑکی کھول کر آپ چائے یا کافی کے گرما گرم کپ کے ساتھ موسم کے مزے لے سکتے ہیں۔
بالائی منزل
آپ کے گھر کے اطراف میں اگر خوبصورت مناظر موجود ہیں تو بالائی منزل پر بنے کمرے کی دیوار میں بڑی کھڑکیاں لگواسکتے ہیں۔ اس طرح آپ جب چاہیں بیرنی مناظر سے لطف اٹھا سکتے ہیں۔ کمرے کا رنگ و روغن اور سجاوٹ اگر دلکش بیرونی مناظر سے مطابقت رکھتا ہو تو یہ آپ کے مزاج پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔
آپ کو یوں محسوس ہوگا جیسے وہ مناظر گھر کا ہی حصہ ہوں۔ صبح کے وقت سورج کی کرنیں اور قدرتی مناظر کمرے کو روشن، ہواداراور خوشگوار بناتے ہیں تو رات کی تاریکی میں چاند کی مدھم روشنی اور ستاروں کا جگمگانا رومانوی اور سحر انگیز ماحول پیدا کرتا ہے۔
چھوٹا کمرہ
کھڑکیاں جتنی بڑی ہوں گی اتنا ہی ’قدرتی روشنی‘ کا حصول ممکن ہوگا۔ اگر گھر کے چھوٹے کمرے کی کسی دیوار میں بڑی کھڑکیاں لگادی جائیں تو یہ کشادگی کا احساس دینے کے ساتھ کمرے کو خوبصورت انداز مہیا کریں گی۔ یہ کھڑکیاں کھلتے ہی تازہ ہوا اور آکسیجن اندر آئے گی جس سے گھٹن کا احساس ختم ہوگا۔
سوئمنگ ایریا
اگر آپ کا گھر اتنا وسیع ہے کہ اس میں سوئمنگ ایریا بھی بنایا گیا ہے تو اس کے سامنے والے کمرے میں بڑی کھڑکیاں بنائی جاسکتی ہیں۔ اس طرح آپ پول میں موجود پانی پر پڑتی سورج کی شعاعوں کا خوبصورت نظارہ کرسکتے ہیں۔ سلائیڈنگ کھڑکیاں سوئمنگ ایریا اور باغیچے میں جانے کے لیے دروازے کا کام بھی دے سکتی ہیں۔
وینٹی لیشن
گھر میں وینٹی لیشن کا نظام ہونا نہایت ضروری ہے، جسے بڑی کھڑکیوں کے ذریعے یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ اگر وینٹی لیشن کا مناسب انتظام کیا جائے تو گھر توانائی کی بچت (انرجی ایفیشنٹ) کے قابل ہوجاتا ہے اور ایک صحت مند ماحول میسر آتا ہے۔
بڑی کھڑکیوں پر اگر موٹے پردے لٹکادیے جائیں تو موسم سرما میں یہ کمرے کو گرم جبکہ موسم گرما میں سورج کی تپش کو روکنے کا باعث بنتے ہیں۔