• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین: بارسلونا میں مسلم قبرستان، قبروں کی مدت اور قیمت طے پاگئی

میٹروپولیٹن شہر بارسلونا میں مسلم شہریوں کی اسلامی طریقے سے تجہیزوتکفین کے لیے اسلامی قبرستان کے لیے معاہدہ طے پاگیا جس میں مسلم تنظیموں، میونسپل کارپوریشن بارسلونا کے نمائندگان اور بارسلونا قبرستان انتظامیہ کے افراد نے شرکت کی۔

کاتالان فیڈریشن برائے اسلامی کونسل کے ترجمان محمد ابوالہلول کے مطابق گذشتہ دنوں ورچوئل اجلاس کے دوران مختلف تجاویز پیش کی گئیں، جن میں کورونا وائرس کی وجہ سے مسلم آبادی کو درپیش مسائل قابل ذکر تھے۔

مسلم نمائندوں کا موقف تھا کہ بارسلونا کے قبرستانوں میں آبادی کے تناسب سے مسلم قبرستان کے لیے کم جگہ رکھی گئی ہے اس کے علاوہ مقامی قبرستان مسلمانوں کی شرعی ضروریات کو پورا نہیں کرتے کیونکہ اس کے لیے ضروری ہے کہ قبرستان میں جگہ متعین کی جائے کیونکہ مقامی رسم و رواج کے مطابق زمین سے اوپر دراز بنا کر تدفین اسلامی شرعیت کے منافی ہے۔

اجلاس میں ’کوئسرولا‘ مرکزی قبرستان میں مسلم قبرستان کے لیے جگہ مختص کرنے’مون جوئی‘ قبرستان میں قدیم جنازہ گاہ کی تعمیرِنو اور مرمت، مسلم قبرستان کے لیے نئی جگہ کا انتخاب اور مناسب قیمتوں کا تعین کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ’کوئسرولا‘ مرکزی قبرستان میں مسلمانوں کے لیے کئی سالوں سے جگہ مختص کی گئی ہے جہاں نہ صرف بارسلونا بلکہ پورے کتلونیا کے مسلمانوں کی تدفین کی جاتی رہی ہے، مگر کورونا وائرس کی  عالمی وبائی بحران کے دوران یہ جگہ بہت کم پڑ گئی ہے۔

اسکی وجہ یہ ہے کہ بہت سے مسلم ممالک کے باشندے اپنے پیاروں کو اپنے آبائی ممالک میں نہیں لے جاسکے اور انہیں مجبوراً تجہیز و تکفین کے لیے یہاں جگہ تلاش کرنا پڑی۔

گزشتہ سال کوئسرولا میں 6 قبروں والے 12 ماڈل تعمیر کیے گئے۔ بارسلونا کارپوریشن کی طرف سے مرکزی قبرستان کوئسرولا میں آئندہ سال کے لیے 220 قبریں اور اس سے اگلے سال مزید 220 قبریں مختص کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ’مون جوئی‘ قبرستان میں قائم قدیم مسلم جنازہ گاہ کی تعمیرنو اور مرمت کا کام بھی چند ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔

قبروں کی مدت اور ان کی قیمت کے لیے بھی خاصی بحث ہوئی اور بالآخر انتہائی مناسب قیمت پر لمبے عرصے کے لیے معاملات طے پاگئے۔ اس سلسلے میں 15 سال کے لیے قبر کی قیمت 2 ہزار 282 جبکہ 30 سال کے لیے قبر کا معاوضہ 3 ہزار 50 یورو اسی طرح 50 سال کے لیے 3 ہزار 973 یورو طے پایا،  جس میں قبروں کی دیکھ بھال اور کاغذی کارروائی اور ٹیکس شامل ہوں گے۔

واضح رہے مذکورہ قیمتیں تین اپارٹمنٹ والی قبروں کے حوالے سے قائم کی گئی ہیں۔ دوسری طرف پاکستانی معززین نے سوال کیا ہے کہ قبر کی مقررہ مدت کے میت کی باقیات کا کیا بنے گا؟ جس کے جواب میں کہا گیا ہے کہ مدت پوری ہوجانے کے بعد نئی مدت کا کنٹریکٹ ہوگا اگر ایسا نہ کیا گیا تو مقامی انتظامیہ میت کے ساتھ کوئی بھی سلوک کر سکتی ہے جس میں باقیات کو قبر سے نکال کر کہیں پھینک دینا یا جو قانون کہے اُس کے مطابق میت کی باقیات سے سلوک کیا جانا شامل ہے۔


اس حوالے سے پاک کاتالان فیڈریشن اسپین کی سابقہ ایگزیکٹو باڈی کی مسلم قبرستان کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کا ذکر نہ کرنے پر بھی موجودہ ورچول کنٹریکٹ کرنے والوں کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس حوالے سے کاتالان فیڈریشن کے سابق صدر خالد شہباز چوہان نے کہا کہ یہ ساری کوششیں ہم نے کی تھیں آج صرف قبروں کی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے اور اپنوں کی بجائے ہم دوسروں کو اس کام کا کریڈٹ دے رہے ہیں۔

تازہ ترین