• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتیں آخری امید بن چکی ہیں، مولانا فضل الرحمٰن


حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ  (پی ڈی ایم) اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، کیا نیب اداروں کا ترجمان ہے، اب عدالتیں آخری امید بن چکی ہیں۔

پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ مریم نواز کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے نیب نے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے،نیب دیگر اداروں کا ترجمان بن کر ہمارے موقف کی تصدیق کر رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ جائز ووٹ کو کیوں مسترد کیا گیا؟ ووٹ مسترد ہونے کا ملبہ بھی عدالتوں پرڈال دیا گیا ہے، 2 ارب روپے کے ڈیفالٹر کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت کیوں دی گئی؟

انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ سے استعفیٰ نہیں دیتے تو لانگ مارچ کی زیادہ افادیت نہیں ہوگی،ہمارے ووٹ کیوں کم ہوئے،وفاداریاں کیوں تبدیل ہو رہی ہیں، اس کے پیچھے دباؤ ہوگا، لالچ یا دھمکیاں ہونگی۔

لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اس کا فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی، لانگ مارچ ایک دن کا نہیں ہوگا۔

ایک سوال کے جواب پر مولانا کا کہنا تھا کہ کسی ایک ممبر کی دغا سے پارٹیوں کی پوزیشن تبدیل نہیں ہوا کرتی،ماضی میں مختلف جماعتوں کے اراکین نے اپنے ووٹ کو غلط استعمال کیا،اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ نیب کا نوٹس مجھے نہیں ملے گا، میرے بازو آزمائے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں جے یو آئی میں شامل ہونے والے پی ٹی آئی کے ساتھیوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔

تازہ ترین