• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ اجلاس میں 7.8 ارب کا رمضان پیکیج منظور

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وفاقی کابینہ نے 7ارب80کروڑ روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دیدی جس کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف 19 اشیاء پر سبسڈی دی جائےگی‘یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی پر 40روپے فی کلو، تیل پر 20روپے فی لیٹرکھجوروں پر 20 روپے فی کلو اور چاول پر10 روپے فی کلو تک سبسڈی دی جائے گی۔

کابینہ نے افغان پناہ گزینوں کیلئے اسمارٹ کارڈ‘ممنوعہ وغیر ممنوعہ اسلحہ لائسنسوں کے اجراء اورنادرممتاز کو مزید تین ماہ کیلئے چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کااضافی چارج دینے کی منظوری دیدی جبکہ وزیراعظم عمران نے کہاہے کہ حکومت کو پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں، پی ڈی ایم انتشار پھیلا رہی ہے۔

پی ڈی ایم کو اپنا شوق پورا کرنے دیں، اپوزیشن کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں‘مہنگائی بڑاچیلنج ہے ‘مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں‘لانگ مارچ عوام کے لیے نہیں اپنی چوری بچانے کے لیے ہے‘ملک میں ٹیکس چوری کے خلاف ایف بی آر گزشتہ 15 برس سے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لانے کی کوشش کررہا ہے لیکن ہر مرتبہ اس کے اقدامات کو سبوتاژ کردیا جاتا ہے۔

جب تک ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نافذ نہیں ہوتا ٹیکس چوری روکی نہیں جاسکتی ، شوگر انڈسٹری ، سیمنٹ انڈسٹری، فرٹیلائزر انڈسٹری اور سگریٹ انڈسٹری میں بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری ہوتی ہے، 40 فیصد سگریٹ بلیک میں فروخت کئے جاتے ہیں، بالواسطہ ٹیکسوںکابوجھ عوام کواٹھانا پڑتا ہے ۔

ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ کا حکم امتناعی ختم کرنے کے لئے اقدامات کرائے جائیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین ملک کے انتخابی نظام کو شفاف بنانے کے لئے ناگزیرہو چکی ہے۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے معاملے پر پیشرفت سے کابینہ کے ہر اجلاس میں آگاہ کیاجانا چاہیے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو اپنی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کابینہ کو بتایاگیاکہ نقصان میں چلنے والے 19 سرکاری اداروں کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے گا ‘پہلے مرحلے میں ریلویز، پی آئی اے ‘سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی اور جینکو تھری ناردرن پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ کا فارنزک آڈٹ کرایا جا رہا ہے یہ عمل تیس جون 2021تک مکمل ہو جائے گا۔

تازہ ترین