• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PDM کی ناکامی کے ذمہ دار پر ملبہ بہت بھاری ہوگا، احسن اقبال


کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ امید ہے پیپلز پارٹی ہفتے دو ہفتے میں اپنی سی ای سی کا اجلاس بلا کر اپنے فیصلے سے آگاہ کرے گی، پی ڈی ایم کی جدوجہد کی ناکامی کے ذمہ دار پر یہ ملبہ بہت بھاری ہوگا۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ آصف زرداری آج مولانا فضل الرحمن کے ساتھ وہی کچھ کررہے ہیں جو 14سال پہلے مولانا فضل الرحمن نے قاضی حسین احمد کے ساتھ کیا تھا۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے کہا کہ پی ڈی ایم کا کوئی بھی پلان پیپلز پارٹی کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ آصف زرداری نے استعفوں کے مطالبہ کے جواب میں اپنی مجبوریاں بتائیں، سابق صدر کی گفتگو کا لب لباب یہی تھا کہ میں لڑائی نہیں کرسکتا۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج توقع کی جارہی تھی کہ پی ڈی ایم اجلاس میں جماعتیں استعفوں سے متعلق فیصلہ کریں گی، استعفوں پر تو حتمی فیصلہ نہیں ہوا بلکہ اپوزیشن کا لانگ مارچ ہی ملتوی کردیا گیا، استعفوں کے معاملہ پر پی ڈی ایم کی 9جماعتیں ایک طرف پیپلز پارٹی دوسری طرف نظر آئی، پیپلز پارٹی کا اکیلے ہونے کے باوجود پلڑا بھاری نظر آیا، اجلاس کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں بھی ڈرامائی صورتحال نظر آئی۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے ڈسکہ میں ری پولنگ کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو معطل کرنے کی تحریک انصاف کی درخواست مسترد کردی ہے، سپریم کورٹ نے اشارہ دیا ہے کہ جمعہ کے روز کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا جائے گا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جماعتوں کو اس اینڈ گیم کیلئے قربانی دینی چاہئے، پی ڈی ایم کی 9جماعتیں سمجھتی ہیں کہ استعفوں کے ساتھ ہی لانگ مارچ موثر ثابت ہوگا، پیپلز پارٹی کی قیادت اس وقت استعفوں کیلئے تیا ر نہیں ہے۔

تازہ ترین