کوئٹہ(سٹی ڈیسک)ملک کے مستقبل کیلئے عوام کی ترقی اور محنت کش طبقہ کی خوشحالی ضروری ہے بلوچستان کا مسئلہ سیاسی اور طبقاتی ہے صوبے کے عوام کو اعتماد میں لیتے ہوئے سیاسی طور پر مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے ان خیالات کااظہار عوامی ورکرز پارٹی کے مرکزی صدر عابد حسن منٹو نے صوبائی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ اہم ہے لیکن اگر اس کا فائدہ بلوچستان کے عوام بطور محنت کشوں کو نہیں ملتا تو پھر اس منصوبے کی کوئی افادیت نہیں گوادر کو ترقی کے حوالے سے مقامی آبادی کے تحفظات کو دور کیا جانا ضروری ہے انہوں نے یقین دلایا کہ عوامی ورکرز پارٹی ماضی کی طرح آئندہ بھی بلوچستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے کسی مصلحت کے بغیر ان کا ساتھ دیتی رہے گی انہوں نے پارٹی کی تقریب حلف برداری کے کامیاب اور موثر انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ طبقاتی جدوجہد میں ہماری شناخت ہے اور طبقاتی لائن پر سختی سے کاربند رہ کر ہی ہم اپنی سیاست آگے بڑھا سکتے ہیں انہوں نے وضاحت کی کہ عوامی ورکرز پارٹی ہر مسئلے کو طبقاتی عینک سے دیکھتی ہے اور یقین رکھتی ہے کہ عوام خاص طور پر محنت کش طبقے کا اتحاد ہی موجودہ استحصالی نظام کے خاتمے کو ممکن بنا سکتا ہے۔