اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیر داخلہ شیخ رشیدنے کہاہے کہ پاکستانیوں کیلئے کویتی ویزے جلد کھلنے جارہے ہیں،نواز شریف پاکستان آنے کا ارادہ کریں تو 24گھنٹے کے اندر اندر سفری دستاویزات جاری کر دیں گے، نواز شریف اس پاسپورٹ پر پاکستان آسکیں گے،پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانیوں کیلئے 2011 سے کویت کے ویزے بند تھے اب کویت کے ویزے جلد کھل جائیں گے۔ وزارت داخلہ میں 18،18 سال سے بیٹھے افسروں کو تبدیل کریں گے۔شیخ رشیدنے کہا کہ پی ڈی ایم نے مارچ ملتوی کر کے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے، سیاست میں سکون آیا ہے اور اب روزے ٹھنڈے گزریں گے، پی ڈی ایم سے کہوں گا کہ اسمبلی میں آئیں اور مذاکرات کریں، پی ڈی ایم عمران خان کو شکست نہیں دے سکتی، عمران خان سیاسی طور پر ہیوی ویٹ لیڈر ہیں جو ان سے نہیں گریں گے۔انہوں نے ملک کا کوئی کونہ نہیں چھوڑا جہاں انہوں نے 6 ماہ میں جلسہ نہ کیا ہو ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ (ن)لیگ میں دو گروپ ہیں اور وہ ان کے خاندان کے اندر ہیں۔ پی ڈی ایم کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے سیاسی فیصلہ کیا ہے ۔