جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے بانی امان اللہ خان کی رحلت سے آزادی کشمیر کے لئے سالہا سال سے دنیا بھر میں گونجنے والی ایک اور توانا آواز خاموش ہو گئی۔ (انا للہ و انا الیہ راجعون) امان اللہ خان طویل علالت کے بعد 82سال کی عمر میں منگل کی صبح راولپنڈی کے نجی ہسپتال میں خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کا تعلق گلگت بلتستان کے علاقہ استور سے تھا انہوں نے آزادیٔ کشمیر کے لئے 1963میں پاپولر فرنٹ پھر شہید مقبول بٹ کے ساتھ مل کر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ اور1977میں برطانیہ میںجموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے نام سے جماعت بنائی۔ 1985 میں بھارتی سفارت کار مہاترے کے قتل کیس میں گرفتار کر لئے گئے ایک سال کے بعد انہیں برطانیہ بدر کردیا گیا۔ انہوں نے 1988میں مقبوضہ کشمیر میں مسلح جدوجہد کا آغاز کیا، جہاں ان کے پیرو کاروں کی بہت بڑی تعداد موجود ہے، 1990میں کنٹرول لائن توڑنے کی تحریک چلائی اور ہزاروں افراد کے ساتھ چکوٹھی کی طرف مارچ کیا۔ انہوں نے کشمیر پر دو کتابیں لکھیں اورکئی کتابچے بھی شائع کئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امان اللہ خان کی وفات کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو حقیقت کا روپ دینے کے مشن کے لئے بہت بڑا نقصان ہے، گزشتہ برس تحریک آزادی کشمیر کے نامور رہنما سردار عبدالقیوم خان اور اب امان اللہ خان کا اس دنیا سے اٹھ جانا جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام کے لئے بہت بڑا صدمہ ہے امان اللہ خان خود مختارکشمیر کے علمبردار تھے لیکن پاکستان سے بہت محبت کرتے تھے ان کا عزم تھا کہ خود مختار کشمیر کو پاکستان کا دست و بازو بنایا جائے گا۔ ان کی رحلت پاکستان کے عوام کے لئے بھی بہت بڑے صدمے کی بات ہے لیکن آزادی کی جو تڑپ انہوں نے دلوں میں جگائی ہے وہ ہمیشہ زندہ رہے گی اور کشمیر ایک دن بھارت کے پنجے سے آزاد ہو کر رہے گا، اللہ تعالیٰ مرحوم رہنما کی مغفرت اور بخشش فرمائے آمین!