پشاور (جنگ نیوز) چترال کی صنعتی اور معاشی ترقی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزآف کامرس اینڈانڈسٹری کا ویژن اور دیرینہ خواب ہے، ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی نائب محمد زاہدشاہ نے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انڈسٹری عبدالکریم خان کے زیرصدارت کے پی بی اوآئی ٹی آفس میں چترال اکنامک ڈیویلپمنٹ کانفرنس کے جائزہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔چترال اکنامک ڈیویلپمنٹ کانفرنس کے حوالہ سے خیبرپختونخوابورڈ آف انوسمنٹ اینڈ ٹریڈ اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزآ ف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے منعقدہ اجلاس میں کوآرڈینیٹرایف پی سی سی آئی سرتاج احمد خان، کے پی بی اوآئی بورڈ چیف ایگزیکٹو حسن داؤد بٹ، کے پی ازمک کے چیف ایگزیکٹیو جاوید خٹک، ایڈیشنل سیکرٹری کائیٹ مشرف خان، پشاور چیمبرصدر محمد عدنان جلیل، سمیڈااسسٹنٹ منیجرمحمد کامران، ای آر کے پی کے منیر گل، نیا ٹل ٹیلی کام کے لفٹینٹ کرنل انیس خان ، سٹیٹ بنک کے سینئر منیجرعبداللہ، ایف پی سی سی آئی ای سی ممبر محمد وزیر، چترال چیمبر صدر حاجی سلطان اور ایف پی سی سی آئی ریجنل سیکرٹری میاں محمد وصال سمیت دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں چترال سپیشل اکنامک زون، ارندو شاہ سلیم بارڈ سٹیشن، سیاحت، ٹراؤٹ فش فارمنگ، مائن اینڈ منرل ڈیویلپمنٹ، ہائیڈل، ٹیوٹاسنٹرکو فعال کرنے، چترالی پٹی سنٹر فعال کرنے اور ایگری ٹورازم سمیت دیگر معاشی وصنعتی ترقی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چترال اکنامک زون، اندرو شاہ سلیم بارڈ سٹیشن کے افتتاحی تقریب اپریل کے پہلے ہفتے منعقد کرنے اورچترالی عوام کی معاشی وصنعتی ترقی کے لئے نئے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارنٹرشپ کے تحت شروع کرنے کا فیصلہ ہوا۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی نائب صدر محمد زاہد شاہ نے کہا کہ چترال کی صنعتی اور معاشی ترقی فیڈریشن کا دیرینہ خواب ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیاہے کہ چترال سپیشل اکنامک زون، چترال کو وسطی ایشیائی ریاستوں سے ملانے والے ارندو اور شاہ سلیم بارڈ کا جلد افتتاح کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ چترال اکنامک زون اور بارڈ سٹیشن کھولنے سے مقامی صنعت کے ساتھ نئے انڈسٹری لگانے کے مواقع پیدا کرنے کے لئے ملک بھر کے 400سے زائد چیمبرزاور ایسوسی ایشنز کوسرمایہ کاری کے لئے مدعو کرینگے اور ایف پی سی سی آئی اس میں اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔