پاکستان کرکٹ ٹیم نے دورہ ساؤتھ افریقہ کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا، پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تین گھنٹے کا ٹریننگ سیشن کیا۔
پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے قذافی اسٹیدیم لاہور میں تیاریوں کا آغاز کیا ہے، اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کی دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ بھی کلیئر آئی ہے، کیمپ کے دوران تیسری اور چوتھی ٹیسٹنگ 21 اور 24 مارچ کو ہو گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی 26 مارچ کو جنوبی افریقا روانگی شیڈولڈ ہے، ٹریننگ کیمپ کے پہلے سیشن سے قبل کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی حکمت عملی اور کوویڈ پروٹوکولز پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی۔
فزیکل ٹریننگ کے بعد کھلاڑیوں نے گراؤنڈ کے وسط اور بائیں طرف لگے دو دو نیٹس پر بولنگ اور بیٹنگ کی بھر پور مشقیں کیں۔
اس دوران محمد رضوان وکٹ کیپنگ کی پریکٹس کرتے رہے جبکہ گروپس کی شکل میں کھلاڑیوں نے فیلڈنگ ڈرلز بھی کیں، کل بھی کھلاڑی دوپہر کے سیشن میں ٹریننگ کریں گے۔
کیمپ میں دو انٹرا اسکواڈ ون ڈے میچز بھی رکھے گئے ہیں۔