• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب پیشی پر PDM قیادت مریم کے ساتھ جائے گی، فضل الرحمٰن

نیب پیشی پر PDM قیادت مریم کے ساتھ جائے گی، فضل الرحمٰن


لاہور، چوہنگ (نمائندہ جنگ، ٹی وی رپورٹ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ مریم نوازکی نیب طلبی کی جووجوہات بتائی گئی ہیں اس نے نیب کو بے نقاب کردیا ہے،کیا نیب اداروں کی خدمت اور ترجمانی کے لیے بنا ہے؟ مریم نوازکی پیشی کے موقع پرپی ڈی ایم کے کارکن اوررہنما ساتھ ہونگے۔

مریم نواز نے کہا کہ گڑ بڑ کی گئی تو بھرپور مقابلہ کرینگے، جو نواز شریف کے بارے میں بات کریگا اسکی زبان کھینچ لیں گے،تم ڈیڑھ سال اور رک گئے تو تمہارا نام صفحہ ہستی سے مٹ جائیگا۔

پیپلزپارٹی ساتھ رہے یا نہ رہے تحریک چلے گی، مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا ہے کہ ہمارے بعد آزاد ہونے والے ملک ہم سے آگے نکل گئے ہیں، جب بھی جمہوری حکومتیں ملک کو ترقی کی طرف لے جاتی ہیں تو ان کوناکام کیا جاتا ہے اور اب غیر آئینی طاقتوں کے داغ دار چہروں کو بے نقاب کرنا ہے، مجھے غدار کہنے والے آج میری بات دہرا رہے ہیں۔ 

ان خیالات کا اظہار مولانا فضل الرحمٰن اور مریم نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس اور نائب صدر نے مسلم لیگ (ن) کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

کنونشن سے نوازشریف نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ جاتی امرا میں مریم نواز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، حکومت نے عوام کا کچھ نہیں چھوڑا، ان پر مہنگائی کا ایک پہاڑ گرا دیا گیا ہے۔

حال ہی میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، اسٹیٹ بینک کو عالمی اداروں کا ذیلی ادارہ بنایا جارہا ہے، یہ لوگ ملک کو کہاں پہنچانا چاہتے ہیں، حکومتی اقدامات ملکی دفاع کیلئے خطرہ بن گئے، ہم پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ نیب ایک کٹھ پتلی ادارہ ہے، نیب نے مریم نواز کو 26 مارچ کو طلب کیا ہے،مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پی ڈی ایم کے کارکن اور رہنما موجود ہونگے۔ 

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم متحد ہے اور اس کی 9 جماعتیں ایک سوچ پر متحد ہیں، باہمی رابطوں سے معاملات حل کرنے کی کوشش کررہےہیں، پیپلزپارٹی کی سی ای سی کے فیصلے کا انتظارکریں گے، ان سے کہیں گے کہ وہ 9 جماعتوں کے فیصلے پر غور کرے، ان کے ساتھ معاملات کو موثر انداز میں بہتر کرینگے اور انکے دلائل پر مزید غور کرنے پر تیار ہیں۔

اس موقع پر نائب صدر ن لیگ مریم نوازنے کہا کہ عمران خان کی نالائقی نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، ان کا مستقبل ان کی اپنی کارکردگی سے جڑا ہوا ہے، پی ڈی ایم کسی موقع پر حکومت کو پتلی گلی سے نکلنے کی اجازت نہیں دیگی۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ ہوچکا ہے ،پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں متحد رہیں، پیپلزپارٹی کا اپنا فیصلہ ہے کہ وہ پی ڈی ایم کے ساتھ رہے یا نہ رہے، سینیٹ الیکشن میں تمام جماعتیں یوسف رضا گیلانی کی حمایت کررہی تھیں، اور اب اصولی فیصلہ ہو چکا ہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر (ن) لیگ کا ہوگا، اس حوالے سے مولانا فضل الرحمٰن سے بھی بات ہوچکی ہے۔

تازہ ترین