• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

براڈ شیٹ کمیشن زرداری کے سوئس مقدمات سامنے لے آیا

براڈ شیٹ کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ میں سابق صدر آصف زرداری کے سوئس مقدمات کا ریکارڈ بھی سامنے آگیا۔

کمیشن نے نیب کو سوئس مقدمات کا سربمہر ریکارڈ کھولنے کی سفارش کردی، نیب ریکارڈ کو ڈی سیل کرکے جائزہ لے کہ اِس کا کیا کرنا ہے۔

کمیشن رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سوئس مقدمات کا ریکارڈ 12 ڈپلومیٹک بیگز میں پاکستان پہنچایا گیا تھا، سوئس مقدمات کا تمام ریکارڈ نیب کے اسٹور روم میں موجود ہے۔

براڈ شیٹ کمیشن تحقیقاتی رپورٹ میں ڈپلومیٹک بیگز کی تصاویر اور انڈیکس بھی شامل ہیں، کمیشن کی رپورٹ وزیراعظم پاکستان کو بھجوا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں انکوائری کمیشن نے براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں، رپورٹ میں براڈ شیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی غلط ادائیگی کا انکشاف کیا گیا ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ میں 15 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ براڈ شیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر رقم کی غلط ادائیگی کی گئی۔

کمیشن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غلط شخص کو ادائیگی ریاست پاکستان کے ساتھ دھوکا ہے، ادائیگی کو صرف بے احتیاطی قرار نہیں دیا جاسکتا، وزارت خزانہ، قانون، اٹارنی جنرل آفس سے فائلیں چوری ہوگئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن لندن سے بھی ادائیگی کی فائل سے اندراج کا حصہ غائب ہوگیا، کمیشن کو تمام تفصیلات نیب کی دستاویزات سے ملی ہیں۔


تازہ ترین