• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ایس او پیز کیلئے انتظامی کوششیں نہ ہونے کے برابر، اسد عمر


کراچی ( ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی کوشش تھی کہ حکومت پر دباؤ بڑھا کر اسے گھر بھیجا جائے، مگر خود اپوزیشن جماعتوں پر دباؤ اور تفریق بڑھتی جارہی ہے،کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ، پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ تیسری لہر میں ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے انتظامی کوششیں نہ ہونے کے برابر ہیں، رمضان عبادت کا مہینہ ہے ہم چاہتے ہیں یہ مہینہ سکون سے گزرے، کورونا روکنے کیلئے ابھی موثر اقدامات کرلیں تو رمضان بہتر طریقے سے گزار سکیں گے،ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے پروگرا م میں کہا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں آصف زرداری کی تقریر کے دوران ہی میڈیا پر خبریں چلنا شروع ہوگئی تھیں، آصف زرداری کو تقریر روک کر انہیں یہ بتایا گیا تو انہوں نے پینترا بدل لیا، آصف زرداری نے کہا کہ میں کمزور ہوں اسٹیبلشمنٹ سے لڑ نہیں سکتا، میرا ایک ہی بیٹا ہے کوئی اور نہیں ہے، آصف زرداری نے جو باتیں کیں ان کی ریکارڈ موجود ہے، پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کی گفتگو پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آصف زرداری نے پی ڈی ایم میٹنگ میں استعارتاً کہا کہ مریم ہماری بیٹی ہیں ہم انہیں کیوں جیلوں میں بھجوائیں یا میں کمزور آدمی ہوں میرا ایک ہی بیٹا ہے، آصف زرداری جیل جانے سے نہیں ڈرتے ،وہ تیرہ چودہ سال جیلوں میں رہے مگر سمجھوتہ نہیں کیا، پہلے بھی بینظیر بھٹو کی شہادت کی صورت زرداری صاحب کا بڑا نقصان ہوچکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے جیو کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر پنجاب کے ان اضلاع میں پھیلی جہاں کے لوگ بڑی تعداد میں برطانیہ میں سیٹل ہیں، پنجاب کے اکثر علاقوں ، آزاد کشمیر، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں کورونا کے نصف سے زائد کیسز کورونا کی برطانوی قسم کے وائرس کے ہیں۔ ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے پروگرام میں گفتگو کرتےہوئے کہا کہ سارے پاکستانی آپس میں بھائی بھائی ہیں، سیاست میں ہر کوئی اپنے معاملات سیاسی حق کی بنیاد پر خود دیکھتا ہے، پی ڈی ایم میں طے ہوا تھا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہوگا، کسی اتحاد میں طے ہونے والی چیزوں کی پاسداری جمہوری اصول ہے، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب میں جے یو آئی ف کے پانچ ووٹ فیصلہ کن ہیں۔

تازہ ترین