وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ندیم بابر نے وفاقی کابینہ میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق ندیم بابر نے کابینہ اجلاس کے دوران 58 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 58 آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اسمگلنگ یا بدعنوانی میں ملوث ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ 8 آئل مارکیٹنگ کمپنیاں 92 فیصد صارفین کو پٹرولیم مصنوعات فراہم کررہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں مزید کہا گیا کہ پٹرولیم ڈویژن نے حقائق کے باوجود بدعنوانی میں ملوث کمپنیوں کےخلاف کارروائی نہیں کی
ذرائع کے مطابق اس موقع پر یہ بھی کہا گیا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے خلاف ضابطہ عبوری لائسنسوں پر کمپنیوں کو کام کرنے کی کھلی چھوٹ دی۔
گزشتہ دنوں وفاقی کابینہ نے پٹرول بحران سے متعلق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی انکوائری رپورٹ میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔
وفاقی کابینہ نے تحقیقاتی رپورٹ پر ساڑھے 3 ماہ کی تاخیر کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کارروائی کا فیصلہ کیا۔
اسی رپورٹ میں سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن سمیت دیگر افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی تاہم وفاقی کابینہ نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔