• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفا لین/عین ایمان

میاں نواز شریف صاحب!

السلام علیکم! ﷲ پاک آپ کو لمبی اور صحت مند زندگی دے۔1999میں بھی آپ جنرل مشرف کی قید کے دوران دل کے عارضہ میں مبتلا ہو کر سعودیہ علاج کے لئے گئے تھے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آپ کے علاج کے لئے ہر سہولت کا مطالبہ کیا ۔ اب بھی آپ کے علاج کا پرُ زور مطالبہ چیئر مین بلاول بھٹو کی طرف سے کیا گیاجو جیل میںآپ کی عیادت کو گئےکہ صحت کے معاملے پر سیاست کرنا روا نہیں۔

میاں صاحب!جب آپ اپنی علالت اور مریم صاحبہ اپنی والدہ کی وفات پر ایک عرصہ تک دکھ میں خاموش رہے اُس وقت بلاول صاحب نے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد کرنے کا بیڑہ اُٹھایا۔ جناب پی ڈی ایم کی خالق پیپلز پارٹی ہے اور اس اتحاد کے قیام کے وقت جو ایکشن پلان تشکیل دیا گیا اس کے ایک ایک نکتہ پر پیپلز پارٹی عمل کرنے کی پابند ہےتو پھر اچانک عدم اعتماد کی تحاریک کے نکات سے رو گروانی کیوں؟ یکایک لانگ مارچ اور استعفوں کو لازم ملزوم کیوں بنا دیا گیا؟پی ڈی ایم کے اندر نااتفاقی کا تاثر دے کر لانگ مارچ کو ملتوی کیوں کیا گیا؟ جبکہ پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتیں اس کی تیاری میں مصروف تھیں۔ استعفوں کو جواز بنا کر لانگ مارچ کو ملتوی کرناکیاتحریک کو کمزور کرنانہیں ہے؟جمہوریت پیپلز پارٹی کی سیاست ہے اور اس کے لئے پیپلز پارٹی نے ہر طرح کی قربانی دی ہے۔ اور آج بھی سندھ حکومت یاکوئی عہد ہ اس کے لئے جمہوریت سے اہم نہیں مگر استعفے سیاسی ایٹم بم ہیں ۔ ان کا بغیر سوچے سمجھے استعمال کسی بھی طرح جمہوریت آئین اور ریاست کے حق میں نہیں۔ اگر PDM کے تمام اراکین اسمبلی مستعفی ہو جائیں اور سپیکر دس دس لوگوں کے استعفے قبول کر کے ضمنی انتخابات کروا دیںتو جمہوریت مخالف قوتیں ملک سے پارلیمانی نظام ،اٹھارہویں آئینی ترمیم کو ختم کرکے اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو جائیں گی؟اس سے پہلے پی ڈی ایم کی جماعتیں ضمنی و سینیٹ انتخابات کا بائیکاٹ کرنا چاہتی تھیں لیکن آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے کہنے پر جب ان میں حصہ لیا گیا تو تمام صوبوں میں حکومتی امیدواروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یوسف رضا گیلانی کی قومی اسمبلی میں حکومتی وزیر خزانہ کو شکست نے معنوی انداز میں حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ یہ وہ بہترین وقت ہے کہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لا کر اسے جمہوری اور آئینی طریقہ سے گھر بھیجا جا ئے۔ اس وقت پر پی ڈی ایم میں تقسیم کا تاثر دینا اور اس کی فتح کے سفر کو روکنے کا کیا جواز ہے؟

صدر زرداری کا آپ کو بند کمرے کے سربراہی اجلاس میں واپسی کا مشورہ دینا کس طرح خدانخواستہ آپ کی جان کو خطرے میں ڈالنے والی بات ہے؟ آپ کو دہائیوں سے پنجاب کی اکثریت کی نمائندگی کرنے کااعزاز حاصل ہے۔ لہٰذا اب لانگ مارچ اور تحریک کے نکتہ عروج پر جب میدان جنگ سنٹرل پنجاب ہے تو اس وقت آپ کا تحریک کی قیادت کرنا دراصل جمہوری تحریک کو کامیاب کروانے کا ایک سیاسی انداز ہے، اس پر اتنا سیخ پا ہونا اور صدر زرداری کی نیت پر شک کرنا افسوسناک ہے ۔ہم تمام جیالے آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ آپ ملک کو بچانے کے لئے واپس تشریف لائیں۔

میاں صاحب!پیپلز پارٹی نے اپنے اصولوں اور وعدوں کے لئے بھٹو شہید، بی بی شہید اورہزاروں کارکنوں کی جان دیکر اپنا پانچواں اصول لہو سے لکھا ہے کہ ’’شہادت ہماری میراث ہے‘‘اس لئے ہم کبھی پیچھے ہٹنے والے نہیں۔ آپ کو یاد ہوگا کہ مشرف کے خلاف جدوجہد کے دوران ایک موقع پر آپ نے بی بی شہید پر اعتراض کیا کہ وہ NROکررہی ہیں حالانکہ بی بی اپنی جان بچانے کے لئے نہیں بلکہ جان ہتھیلی پر رکھ ملک آرہی تھیں جس کا فائدہ آپ اور آپ کے خاندان کو بھی ہوا مگر آپ نے اے آر ڈی سے علیحدگی اختیار کر کے عمران خان اور دوسری جماعتوں کے؛ ساتھ مل کر اے ، پی، ڈی، ایم، بنایا اور انتخابات کے بائی کاٹ کا فیصلہ کیا۔ بی بی شہید کے مشورے پر آپ نے بائیکاٹ ختم کیا ۔ جس کے باعث پی ڈی ایم کی قیادت آپ سے نارض ہو گی ۔ پھر بی بی کی شہادت کے بعد آپ کی جماعت نے پھر بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ اور صدر زرداری کے مشورے پر آپ سیاسی میدان میں واپس آئے جس سے سیاسی طور پر آپ کو اور ملک کو فائدہ ہوا۔ آج بھی صدر زرداری اور پیپلز پارٹی آپ سے جوش کی بجائے تدبر اور دانش مندی سے حکمت عملی بنانے کی درخواست کر رہے ہیں۔

محترم میاں صاحب!بھٹو شہید اور محترمہ شہید کی سیاسی جدوجہد سب کے لیے مشعل راہ ہے اور اِسی سے رہنمائی حاصل کرنی چاہئے۔ اللہ پاک محترمہ کلثوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔ وہ ایک دلیر خاتون تھیں۔ مریم صاحبہ بلاشبہ محترمہ شہید کی بڑی فین ہیں۔ اس دفعہ انھوں نے بی بی کے یوم شہادت پر انھیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے مزار پر حاضری دی خدا انھیں آزمائشوں سے بچائے انھیں ان کی اولاد اور نواسے نواسیوں کی خوشیاں دیکھنانصیب کرے۔میاں صاحب محترمہ بےنظیر بھٹو کے جیالے آپ کو بھٹو شہید کی کتاب ’’اگر مجھے قتل کیا گیا‘‘ اور مریم صاحبہ کو بی بی کی خود نوشت ’’دختر مشرق ‘‘بھیج رہے ہیں۔بھٹو شہید اور بی بی شہید کی طرف سے آپ سب کو سلام۔

والسلام

وارثانِ شہید بےنظیر بھٹو

تازہ ترین