• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی نیب پیشی پر ن لیگ حکومت نہیں پیپلزپارٹی کو طاقت دکھانا چاہتی ہے، شیخ رشید


اسلام آبا د(نمائند ہ جنگ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر26 مارچ کو (ن)لیگ حکومت کو نہیں پیپلز پارٹی کو طاقت دکھانا چاہتی ہے،یہ جو مرضی کر لیں پیپلز پارٹی استعفے نہیں دے گی ، لاہور والوں کو بتارہا ہوں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی میں ریڈ الرٹ ہے،حقیقی سیاستدان وہ ہوتا ہے جوملک میں جیتا اور مرتا ہے، نواز شریف ،امام خمینی ،مائوزے تنگ ،کارل مارکس اور ہوچی من نہیں کہ بیرون ملک بیٹھ کر حکومت کے خلاف تحریک چلا سکے، نواز شریف میرے سمیت پوری قوم کو بے وقوف بنا کر با ہر گئے ہیں،وزیر اعظم عمران خان عوام کی خواہش پر بڑے چوروں کو للکار رہے ہیں،عدالتی فیصلوں کا تحفظ کریں گے۔

بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر پنجاب حکومت کی درخواست پر رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی ہےتاہم پولیس فرنٹ لائن ہو گی ،یہ صوبائی مسئلہ ہے، اسلام آباد آتے تو ہمارا مسئلہ ہوتا۔

(ن) لیگ اپنے ہی گھر اور اکھاڑے میں پاور شو اور دنگل کرنے جارہی ہے، گزشتہ پیشی پر میڈیا نے ان کی گاڑیوں میں پتھروں کے تو ڑے دکھائے، یہ عمران خان کو نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے لئے شو آف پاور کرنا چاہتے ہیں، اللہ کا کرنا ہےکہ اپوزیشن عمران خان کے لئے بہتری کے راستے بناتی ہے۔ 

مریم نواز نے خود تو حفاظتی ضمانت کروالی ہے اور کارکنوں کو کہہ رہی ہیں کہ آگے آئیں، حالانکہ حقیقی سیاست دان تو عوام کی ڈھال ہوتا ہے، عوام کو ڈھال نہیں بناتا، کسی نے شرارت نہیں کی تو قانون حرکت میں نہیں آئے گا۔

’’پیپلز پارٹی سے پیار‘‘ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم نے سینئر رہنما ئوں پر مشتمل ایک کمیٹی بنا ئی ہے میری رائے میں تمام سیاسی پارٹیوں سے بات چیت کی جا نی چاہیے۔

شیخ رشید نے کہاکہ پی ڈی ایم کوئی خطرہ نہیں مہنگائی پر بھی ایک سال میں قابو پا لیں گے ، مولانا فضل الرحمن کی حالت پر ترس آتاہے، ان کی سیاست خلا میں لٹک رہی ہے، پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہوچکی ہے، 11 پارٹیوں کے کوئی نام بتادے، 500 روپے انعام دوں گا، یہ ڈھائی پارٹیاں ہیں، ایک ن لیگ اور پی پی پی کی جبکہ جے یو آئی کی آدھی پارٹی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا سے بچنے کےلیے ہم سب کو ماسک پہننے چاہئیں، میں نے ویکسین اس لیے لگوائی کیونکہ چینی ویکسین کے خلاف بین الاقوامی سازش ہورہی تھی۔

ہسپتال میں جاکر اس لیے لگوائی کیونکہ لوگ ہسپتالوں پر باتیں کررہے ہیں، اللہ تعالی نے ہمیں کورونا کی پہلی دو لہروں سے بھی بچایا، انشاء اللہ تیسری سے بھی بچائے گا، اللہ تعالیٰ وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کو بھی صحت دے،انہوں نے کہا کہ صحافیوں جن کے پاس اسلام آباد اور راولپنڈی میں رہائش کا بندوبست نہیں ان کے لیے میڈیا سٹی بنا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کی یہ ساری سرگرمیاں ٹی وی اسکرین پر قبضہ دکھانے کی کوشش ہے، 26 کی شام کو یہ ایکسپوز ہوجائیں گے کہ کتنے لوگ تھے،موجودہ اپوزیشن سیاسی ہیوی ویٹ عمران خان کے لئے سہولت کار ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان ملک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں۔مہنگائی سال ڈیڑھ میں ختم ہوجائے گی،خواہش تو ہےکہ 26 مارچ کو بھی پریس کانفرنس کرو تاہم گلگت سکائوٹس کی سالانہ تقریب میں بھی جانا ہے۔

تازہ ترین