اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعظم محمد نواز شریف نے مالی سال2016-17 کے وفاقی بجٹ کی تیاری کا مشترکہ ذمہ دار وفاقی وزیر خزانہ ریونیو اقتصادی امور اور شماریات و نجکاری سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور اپنے خصوصی معاون برائے ریونیو ہارون اختر خان کو مقرر کردیا ہے چنانچہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی خواہش پر وفاقی وزیر خزانہ، ریونیو اقتصادی امور شماریات و نجکاری سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے ریونیو ہارون اختر خان باہمی مشاورت کے ساتھ مالی سال 2016-17کا نیا وفاقی میزانیہ تیار کرنے لگے ہیں البتہ وفاقی بجٹ کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ ریونیو اقتصادی امور شماریات نجکاری سینیٹر محمد اسحاق ڈار جمعہ 3جون 2016کو وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ،بعد نماز عصر قومی اسمبلی میں اعلان کریں گے جب کہ اس دوران وزیر خزانہ کی تقریر وفاقی بجٹ کی دستاویزات سینیٹ میں ارکان کے ڈیسکوں پر رکھ دی جائے گی پیر کو قومی اسمبلی و سینیٹ کے اجلاس میں بجٹ پر عام بحث شروع کردیں گے۔ سینیٹ بجٹ پر اپنی سفارشات جون کے دوسرے ہفتے میں قومی اسمبلی کو بھجوا دے گی جن کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار عام بحث سمیٹتے ہوئے پہلی خواندگی کے اختتام پر وفاقی بجٹ کے مسودے میں حتی المقدور شامل کریں گے تیسری خواندگی مکمل ہونے پر قومی اسمبلی بجٹ کی منظوری دےگی جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی منظور شدہ بجٹ کو وزارت پارلیمانی امور کی وساطت سے وزیراعظم نواز شریف کو بھجوائیں گے وزیراعظم نوازشریف جون کے اواخر میں اپنے دستخطوں سے منظور شدہ فنانس بل صدر کے دستخطوں کے لئے ایوان صدر بھجوائیں گے صدر مملکت 30جون تک منظور شدہ فنانس بل اور بجٹ دستاویزات پر دستخط کر دیں گے اور یکم جولائی 2016 سے نیا وفاقی بجٹ اور نیا فنانس ایکٹ ملک بھر میں نافذ ہو جائے گا۔