بالی ووڈ کی مقبول ترین فلم ’3 ایڈیٹس‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے بھارتی اداکار عامر خان کے بعد اب اُن کے ساتھی اداکار رنگاناتھ مدھاون بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
فلم ’3 ایڈیٹس‘ میں عامر خان کے دوست فرحان کا کردار ادا کرنے والے بالی ووڈ اداکار رنگاناتھ مدھاون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’فرحان اس بار بھی اپنے دوست رانچو کی پیروی کرتے ہوئے عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے۔‘
رنگاناتھ مدھاون نے لکھا کہ ’پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے، ہمیں اُمید ہے کہ ہم اس وبا کو شکست دے کر مکمل طور پر صحتیاب ہوجائیں گے۔‘
آخر میں اُنہوں نے اپنے تمام مداحوں کے سپورٹ اور محبت بھرے پیغامات کے لیے اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عامر خان کے ترجمان نے بتایا تھا کہ اداکار کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آگئے ہیں۔
عامر خان کے ترجمان نے کہا تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اداکار نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جن لوگوں نے حالیہ دنوں میں عامر خان کے ساتھ رابطہ کیا تھا اُن سے گزارش ہے کہ وہ لازمی اپنا کورونا ٹیسٹ کروائیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔