پیپلز پارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں قائد حزب اختلاف مقرر کر دیئے گئے، سینیٹ سیکریٹریٹ نے ان معاملے میں نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے۔
چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے یوسف رضا گیلانی کی قائد حزب اختلاف تقرری کا نوٹیفیکیشن رہنما پیپلزپارٹی قیوم سومرو کے حوالے کرتے ہوئے مبارکباد بھی دی۔
چیئرمین سینیٹ کے آفس میں سینیٹرز کے علاوہ جے یو آئی ف کے سینیٹر طلحہ محمود بھی موجود تھے۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں 30 ارکان کی حمایت کے دستخط کے ساتھ اپوزیشن لیڈر کی درخواست جمع کرائی تھی۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا سے آزاد سینیٹر دلاور خان نے سینیٹ میں اپنا پارلیمانی آزاد گروپ بنانےکا فیصلہ کیا ہے، وہ کے پی اور بلوچستان سے منتخب آزاد سینیٹرز کی حمایت سے اپنا آزاد گروپ بنائیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سینیٹر دلاورخان کی سربراہی میں سینیٹرز کا آزاد گروپ اپوزیشن کا ساتھ دے گا۔
آزاد سینیٹر ہدایت اللّٰہ اور سینیٹر ہلال الرحمٰن نے بھی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے یوسف رضا گیلانی کی حمایت میں دستخط کر دیے ہیں۔