• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب مریم نواز کو ویسے ہی ٹریٹ کرے جیسے دیگر ملزمان کو کرتا ہے: فواد چوہدری


وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نیب مریم نواز کو ویسے ہی ٹریٹ کرے جیسے دیگر ملزمان کو کرتا ہے، سینیٹ الیکشن کے بعد سے ن لیگ والوں کا منہ بنا ہوا ہے، اگر انتخابی اصلاحات ہو جاتیں تو سینیٹ الیکشن مذاق نہیں بنتا، استعفیٰ استعفیٰ کھیل لیا اب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، پیر سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی سمیت سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔

فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن وزیر اعظم عمران خان کی بات مانتی تو آج ان کا مذاق نہ بنتا، ہم نے دو ڈھائی سال استعفی استعفی کھیل لیا آب آگے چلیں، الیکشن اصلاحات سے متعلق ن لیگ نے ہماری بات مانی ہوتی توآج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن  ایک بڑی سیاسی جماعت ہے لیکن آج کل بچوں کو دی ہوئی ہے، اپوزیشن جماعتوں کو عمران فوبیا سے نکل کر اپنی خامیوں پر توجہ ڈالنی چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ جب بھی ہم مذاکرات کی بات کرتے ہیں تو یہ حکومت کو کمزور سمجھتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایک طرف ہمارے پاس نوکریاں نہیں دوسری جانب لوگ نہیں جنہیں نوکریاں دے سکیں۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ پارلیمانی پارٹی سے کہتا ہوں مریم نواز کی سیاست آپ کو کہیں نہیں لے جائے گی، نواز شریف سے اور کوئی امید نہیں لندن کے ریستورانوں پر کتاب ہی لکھ دیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ کا ختم ہونا پاکستان کے مفاد میں نہیں، ن لیگ کا سینٹرل پنجاب کے باہر کوئی اثر و رسوخ نہیں رہا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی جماعتوں کا ختم ہونا پاکستان کے مفاد میں نہیں، آئیں انتخابی اصلاحات کی طرف بڑھتے ہیں۔ 

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو کمزور سمجھ کر آپ نے ہمیشہ منہ کی کھائی، اپوزیشن کو اپنی سیاست پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ سینیٹ الیکشن کا جس طرح مذاق بنا سب کے سامنے ہے، چیئرمین نیب جاوید اقبال کے آنے کے بعد نیب کا ادارہ بحال ہوا ہے۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

تازہ ترین