• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سارہ علی خان والدہ کی طرف سے دلیپ کمار کی رشتہ دار نکلیں

ابھرتی ہوئی بھارتی اداکارہ سارہ علی خان صرف اپنے والد کی جانب سے ہی نہیں بلکہ والدہ کی جانب سے بھی شوبز کا نہ صرف حصہ ہیں بلکہ وہ معروف اسٹارز کی رشتہ دار بھی ہیں۔ 

بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان نے اداکارہ امریتا سنگھ سے 1991 میں شادی کی اور ان کے ہاں سارہ علی خان اور پھر ابراہیم علی خان کی پیدائش ہوئی۔ 

یہ بندھن تقریباً 13 سال چلا لیکن 2004 میں دونوں کی طلاق ہوگئی، تاہم اس دوران سارہ علی خان زیادہ تر اپنی والدہ کے پاس ہی رہیں، اور اس حوالے سے وہ ایک مرتبہ یہ بھی کہہ چکی ہیں کہ ان کے لیے ان کی والدہ کی رائے کی زیادہ اہمیت ہوتی ہے۔ 

سارہ علی خان نے والدین کی علیحدگی کے بھی 14 سال بعد یعنی 2018 میں آنجہانی سشانت سنگھ راجپوت کے بالمقابل فلم کیدرناتھ سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔ 

فلموں میں آغاز کے وقت لوگ انھیں سیف علی خان کی بیٹی کے نام سے زیادہ جانتے تھے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ فلم انڈسٹری میں سیف کے بجائے والدہ امریتا سنگھ کی وجہ سے بھی زیادہ مقبول ہوئیں اور فلموں میں آئیں۔ 

اسی طرح ان کے والدہ کی طرف سے بھی فلم انڈسٹری میں نہ صرف گہرے تعلقات ہیں بلکہ وہ دلیپ کمار کی رشتہ دار بھی ہیں۔ 

سارہ علی خان کی نانی کا نام رخسانہ سلطانہ تھا جبکہ نانا ایک سکھ آرمی آفیسر شویندر سندھ ورک تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق رخسانہ سلطانہ 1940 اور 1950 کی دہائی کی نامور اداکارہ بیگم پارا کی بھتیجی تھیں جبکہ بیگم پارا دلیپ کمار کے بھائی ناصر خان کی اہلیہ اور اداکار ایوب خان کی والدہ بھی تھیں۔ 

رپورٹ کے مطابق بیگم پارا کے توسط سے ہی سارہ علی خان اور دلیپ کمار آپس میں دور کے رشتہ دار ہیں۔

تازہ ترین