اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) اسلام آباد پولیس کے سپیشل انوسٹی گیٹنگ یونٹ نے دو ہفتوں کی کوششوں کے نتیجے میں 2کروڑ روپے بھتہ کیلئے میسج دینے اور چینی باشندے سے آئی فون چھیننے والے سرگودھا کے رہائشی فیصل نواز خان کو گرفتار کر لیا ۔ ملزم نے 12اپریل کو پاکستانی نژاد ایک آسٹریلین شہری سلیم خان کو موبائل فون پر میسج کر کے دو کروڑ روپے بھتہ مانگا تھا جس پر پولیس نے ملزم کیخلاف 14اپریل کو زیردفعہ 386مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی تھی۔ ایس پی کیپٹن الیاس کی قیادت میں پولیس کی ٹیم نے جمعرات کو ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضہ سے وانگ جنگ یو کا آئی فون برآمد کر لیا گیا ہے۔ جمعہ کو ملزم کو عدالت میں پیش کرکے اس کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائیگا۔