کوہاٹ پولیس پانچ روز گزرنے کے باوجود چار سالہ بچی حریم فاطمہ کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ پوسٹ مارٹم کے مطابق بچی کو منہ اور گلہ دبا کر قتل کیا گیا تھا۔ دوسری جانب ڈی پی او کوہاٹ خالد سہیل کے مطابق کیس میں پیش رفت ہوئی ہے جلد مرکزی ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔
کوہاٹ پولیس پانچ روز گزرنے کے باوجود چار سالہ بچی کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔چار سالہ بچی حریم فاطمہ بدھ کے روز گھر سے لاپتہ ہوئی تھی۔اگلے دن اسکی لاش گھر کے قریب نالہ سے برآمد ہوئی تھی ۔
پوسٹ مارٹم کے مطابق بچی کو منہ اور گلہ دبا کر قتل کیا گیا تھا اور اسکے ناک، گلے اور گھٹنوں پر زخم کے نشانات تھے۔
پولیس کو بچی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ملی تھی جس میں وہ برقع پوش خاتون کے ساتھ کہیں جارہی تھی۔
ڈی پی او کوہاٹ خالد سہیل نے جیونیوز سے بات چیت میں بتایا کہ حریم کیس میں پیش رفت ہوئی ہے جلد مرکزی ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان تک رسائی سے متعلق بتانے سے تحقیقات متاثر ہوسکتی ہے۔