• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر2373ایکڑ سرکاری اراضی واگزار

راولپنڈی( اپنے رپورٹر سے)قبضہ مافیا سے راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر 2ہزار 373 ایکڑ اور 16کنال سرکاری اراضی اور 498ایکڑ اور 14کنال پرائیویٹ اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے۔ واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی کی مالیت 14اعشاریہ2ارب روپے ہے جبکہ پرائیویٹ اراضی کی مالیت چار ارب روپے ہے۔ قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے اور راولپنڈی کے تمام اضلاع ہر ہفتہ اپنی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کرتے ہیں۔یہ باتیں کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں جس میں راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال کے ڈپٹی کمشنرز اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ ضلع اٹک میں 1053ایکڑ، چار کنال اور 18مرلے سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی جس کی مالیت 1398اعشاریہ5ملین روپے ہے جبکہ ضلع میں 126ایکڑ، چار کنال اور 13مرلے پرائیویٹ اراضی جس کی مجموعی مالیت 309 اعشاریہ15ملین روپے ، ضلع چکوال میں 634ایکڑ، دو کنال اور 16مرلے سرکاری اراضی جس کی مالیت 7288اعشاریہ6ملین روپے جبکہ 357ایکڑ اور چار کنال پرائیویٹ اراضی بشمول 350ایکڑ شاملات جس کی مجموعی مالیت 35سوملین روپے ہے، ضلع راولپنڈی میں 383ایکڑ، سات کنال اور 17مرلے سرکاری اراضی جس کی مالیت مجموعی طور پر 3ہزار274ملین روپے، 13ایکڑ، آٹھ کنال اور آٹھ مرلے پرائیویٹ اراضی بھی جس کی مالیت 124اعشاریہ4ملین روپے ہے، ضلع جہلم میں 303ایکڑ اور 10مرلے سرکاری اراضی جس کی مالیت 2ہزار239ملین روپے ہے جبکہ پرائیویٹ اراضی ایک ایکڑ، تین کنال اور 17مرلے جس کی مالیت 17ملین روپے ہے واگزار کرائی گئی ہے۔کمشنر نے کہا کہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے واگزار سرکاری اراضی کی حفاظت کی باقاعدہ نگرانی کی جائے اور اس اراضی کو مفاد عامہ کے منصوبوں کے لئے استعمال کرنے کی حکمت عملی بنائی جائے۔
تازہ ترین