وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے نبھاتا رہے گا۔
دوشنبے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر سے بھی ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس اجلاس کو مثبت سمت میں اہم قدم قرار دیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ خطے میں امن کا انحصار افغانستان میں مستقل قیام امن سے منسلک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس قیام امن کا ایک نادر موقع ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ فریقین کو ان مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، افغانستان میں میں قیام امن کے لیے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے نبھاتا رہے گا۔
اس ملاقات سے متعلق جاری کردہ اعلامیے کے مطابق افغان وزیر خارجہ نے ’افغان امن عمل‘ میں پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔