• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم ٹیپو سلطان بننا چاہتے تھے بہادر شاہ ظفر بن گئے، سراج الحق


امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان کو نشانے پر لے لیا۔

علماء اکیڈمی لاہور میں مولانا گلزار احمد مظاہری کی زندگی پر لکھی گئی کتاب کی تقریب سے خطاب میں سراج الحق نے عمران خان پر کھل کر تنقید کی۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے وزیراعظم نے ٹیپو سلطان بننے کی کوشش کی مگر وہ بہادر شاہ ظفر بن گئے۔


امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عبدالحفیظ شیخ کو فارغ کرکے اچھا کام کیا لیکن یہاں تو پورا ٹبر اور کابینہ مہنگائی میں شامل ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا آرڈیننس غلامی کا طوق ہے، جسے حکومت فی الفور واپس لے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارہ اگر پاکستان میں چیزوں کی قیمتوں کا تعین کرے گا تو وہ عوام کا خون نچوڑے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو اسٹیٹ بینک کا وائسرائے بنایا جارہا ہے حکومت گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کو فوری طور پر برطرف کرے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ملک کے خلاف سازش ناکام بنانے کےلیے ہر حد تک جائیں گے، ملک سے گورنر اسٹیٹ بینک سمیت آئی ایم ایف کے تمام معاونین کو نکالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے یہ آرڈننس واپس نہ لیا اور گورنر اسٹیٹ بینک کو برطرف نہ کیا تو اُن کی جماعت ’ گو آئی ایم ایف گو‘ تحریک شروع کردے گی۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) مفادات حاصل کرنے والوں کا ٹولا ہے تاہم وہ آئی ایم ایف کی سازش ناکام بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے اور مل کر ایک پلیٹ فارم سے لائحہ عمل بنائیں گے۔

تازہ ترین