• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک اور فلسطینی نژاد امریکی سُپر ماڈل جی جی حدید کی شادی کی خبریں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔

گلوکارہ انگریڈ مائیکلسن جنہوں نے حال ہی میں زین ملک کے ساتھ ان کے نئے گانے کے لیے شراکت داری کی ہے، اُنہوں نے اپنے ایک لائیو انسٹاگرام سیشن میں زین ملک کو شادی شدہ کہہ دیا۔

گلوکارہ کے لائیو سیشن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی کیونکہ مداحوں کا خیال تھا کہ گلوکارہ نے زین ملک اور جی جی حدید کی شادی کے بارے میں کوئی بڑی خبر دی ہے۔

مائیکلسن نے اپنے لائیو سیشن میں زین کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں زین سے پہلے کبھی نہیں ملی، نہ ہی کبھی ان سے بات کی، زین وہ کام نہیں کرتے جو وہ نہیں کرنا چاہتے، اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اس گانے کو بہت اچھے انداز میں گایا ہے۔‘

گلوکارہ نے کہا کہ ’زین ملک ایک راز دار شادی شدہ انسان ہیں جن کی ایک بیٹی بھی ہے، وہ ہر کام اسی طرح کرتے ہیں جیسے وہ کرنا چاہتے ہیں۔‘

گلوکارہ کو سوشل میڈیا پر ’زین شادی شدہ ہے‘ کے ٹرینڈنگ میں آنے کے بعد اس بات کا احساس ہوا کہ انہوں نے اپنے لائیو سیشن میں کوئی غلطی کردی ہے۔

بعد ازاں مائیکلسن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر زین ملک کے مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے معاف کردیں میں نے آپ لوگوں کو جذباتی کردیا، میں غلط تھی، زین نے شادی نہیں کی ہے۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل جب زین نے خلیل جبران کی محبت اور شادی کے بارے میں لکھی گئی ایک نظم کا ’ٹےٹو‘ بنوایا تھا تو ان کی شادی کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھیں۔

27 سالہ زین ملک اور 25 سالہ جیجی حدید کے درمیان ابتدائی طور پر 2015 میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ متعدد بار دیکھا گیا جب کہ دونوں میڈیا میں ایک دوسرے سے محبت کا بھی کھلم کھلا اظہار کرتے تھے۔

تاہم 2018 میں دونوں کے درمیان نامعلوم وجوہات کی بنا پر اختلافات ہوگئے اور دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی لیکن جنوری 2020 میں ایک بار پھر دونوں کے درمیان تعلقات استوار ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

جنوری 2020 کے بعد جیجی حدید اور زین ملک کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا تھا تاہم انہوں نے اپنے تعلقات بحال ہونے پر کھل کر بات نہیں کی تھی جبکہ گزشتہ سال ستمبر میں ان کے ہاں ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

تازہ ترین