پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی اور نوشہرہ پولیس نے پبی کے علاقے میں رات گئے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جعلی مشروبات تیار کرنے والی فیکٹریز سے 15 ہزار لیٹر سے زائد مضر صحت مشروبات برآمد کرلئے ہیں، کارروائی میں 500 کلو مس برانڈ میٹریل بھی برآمد کیا گیا۔ کارروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کی دوران جعلی مشروبات تیار کرنے والی دو فیکٹریز کو سیل کردیا گیا، جبکہ ایک فیکٹری سے سامپلز معائنے کے لئے لیبارٹری بھجوائے گئے۔ کارروائی میں فیکٹری مالکان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق ڈی پی او نوشہرہ ڈاکٹر محمد اقبال کی خصوصی ہدایت پر پولیس کی بھاری نفری نے کاروائی میں حصہ لیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق فیکٹریز سے مضر صحت کیمیکل اور استعمال شدہ بوتلیں برآمد بھی برآمد کی گئی، پولیس نے فیکٹریز سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا کہنا تھا کہ رمضان سے قبل جعلی اور مضر صحت مشروبات تیار کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ گرفتار فیکٹری مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔