رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور میں شوہر نے ایک کروڑ کی بیمہ پالیسی کے لئےاپنی بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا، شک کی بنیاد پر پولیس نے تفتیش کی تو ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔
ڈی ایس پی لیاقت پور غلام دستگیر کے مطابق 8 روز قبل محلہ حکیم آباد میں ڈکیتی کےدوران خاتون کا قتل ہوا تھا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش کی تو شہری کاشف شاہین کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ کرکے اسکی بیوی کا قتل کردیا۔
پولیس نے شک کی بنیاد پر تفتیش کی تو ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ مقتول اہلیہ کے نام پر ایک کروڑ کی بیمہ پالیسی تھی، انشورنس کی رقم پانے کے لیے اس نے اپنی بیوی کو سر پر گولی مار کر ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا تھا۔
پولیس نے مقتولہ کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔