وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اڈیالہ جیل میں قید خالد شمیم کا ویڈیو بیان سامنے آنے پر سیکرٹری داخلہ پنجاب کو تحقیقات کا حکم دے دیاہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے پر آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کیاجائے گا۔
وزیر اعلی پنجاب نے یہ بات وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے مبینہ ویڈیو بنائے جانے کا سخت نوٹس لیا۔
وزیر اعلیٰ نے امن وامان کی صورتحال پر وفاقی وزیر داخلہ سے تبادلہ خیال بھی کیا،اس موقع پر انہوں نے لاہور میں پی ٹی آئی کے جلسے اور ریلی سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خان نے برطانوی وزیر داخلہ سے ہونے والی ملاقات اور ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔