وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے اوکاڑہ کے ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال کے ڈاکٹر شاہد سلیم کو معطل کردیا۔
ایم ایس ڈاکٹر شاہد سلیم کو ناقص کارکردگی اور غیرمناسب طبی سہولیات کی بنا پر معطل کیا گیا جبکہ ڈاکٹر شاہد سلیم کو محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری کو رپورٹ کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے گئے۔
اس حوالے سے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ مریضوں کو مناسب سہولیات نہ دینے پر متعلقہ ایم ایس کیخلاف ایکشن ہوگا۔
یاسمین راشد نے کہا کہ کسی سرکاری اسپتال میں مناسب طبی سہولیات کی عدم فراہمی ناقابل برداشت ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں کی استعداد بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں، سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز اورعملہ کی کمی کو پورا کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر یاسمین نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال اوکاڑہ میں تمام طبی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔