• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بزدار کا غلط سرجری سے 16 مریضوں کی بینائی متاثر ہونے کا نوٹس

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان کے نجی اسپتال میں غلط سرجری کے باعث 16 مریضوں کے بینائی سے محروم ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

وزیرِِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس ضمن میں سیکریٹری صحت اور کمشنر ملتان ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی۔

وزیرِِاعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے، ذمے داروں کا تعین کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

سردار عثمان بزدار نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ حقائق منظرِ عام پر لائے جائیں اور بینائی سے محروم افراد کی داد رسی کی جائے، ان کے علاج معالجے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

دوسری جانب میڈیا پر معاملہ سامنے آنے پر وزیرِاعلیٰ کی ہدایت پر بنائی گئی 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی ملتان پہنچ گئی جس نے اسپتال کے عملے اور آپریشن کرنے والے آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق کے بیان ریکارڈ کر لیئے۔

کمیٹی کی جانب سے آپریشن کے دوران استعمال ہونے والی دواؤں کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ ملتان کے نجی ٹرسٹ اسپتال میں ڈاکٹروں نے سنگین غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 افراد کی آنکھوں کا غلط آپریشن کر دیا گیا، جس کے باعث آپریشن کروانے والے مریض متاثرہ ایک ایک آنکھ کی بینائی سے محروم ہو گئے۔

نجی اسپتال میں 20 مارچ کو 7 خواتین سمیت 16 افراد کی ایک ایک آنکھ کا آپریشن کیا گیا تھا، آپریشن کے 2 گھنٹے بعد ہی تمام افراد آپریشن والی آنکھ کی بینائی سے محروم ہوگئے تھے۔

تازہ ترین