سینئر اداکار منظر صہبائی اور سینئر اداکارہ ثمینہ احمد کی شادی کو ایک سال مکمل ہوگیا، اپنی شادی کی پہلی سالگرہ پر منظر صہبائی نے اہلیہ کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک خوبصورت پیغام دیا ہے۔
سینئر اداکار نے انسٹاگرام پوسٹ میں پہلے تو مداحوں کو بتایا کہ ان کی ثمینہ احمد سے شادی کو ایک برس مکمل ہوگیا ہے۔
منظر صہبائی نے معروف انگریز ناولسٹ کا قول شیئر کیا جس میں یہ کہا گیا کہ ’ہماری روحیں جس بھی چیز سے بنی ہیں مگر میری اور تمہاری روح ایک جیسی ہے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار گزشتہ برس 4 اپریل کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
11 فروری 1950 کو کراچی میں پیدا ہونے والی ثمینہ احمد کی اس سے قبل فلم ڈائریکٹر فرید احمد سے شادی ہوئی تھی جو 1993 میں انتقال کرگئے۔
مشہور و معروف اسٹیج پرفامر، ٹی وی ادکارہ، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ثمینہ احمد کے مشہور ڈراموں میں الف نون، بول میری مچھلی، انگار وادی، پانی جیسا پیار، آخری بارش، فیملی فرنٹ، دھوپ میں ساون، تعلق، نور بانو، میرے ہمدم میرے دوست اور دیگر شامل ہیں۔
اداکارہ کے فن کے اعتراف میں حکومت پاکستان انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کر چکی ہے۔
دوسری جانب منظر صہبائی بھی پاکستان کی فلموں اور ڈراموں کے سینئر اداکار ہیں اور نامور شاعر سرمد صہبائی کے بھائی ہیں۔
منظر صہبائی نے پاکستانی فلموں بول، زندہ بھاگ اور ماہِ میر میں اپنی جاندار اداکاری سے مداحوں کے دل جیتے۔