• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسان کیساتھ ظلم، حکومت میں بیٹھ کر بھی بے بس، پرویز الٰہی، سرور خان

کسان کیساتھ ظلم، حکومت میں بیٹھ کر بھی بے بس، پرویز الٰہی


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ کسان کے ساتھ ظلم ،کاشتکار پریشان ہیں،حکومت کسانوں سے گندم نہیں خرید رہی تو پھر پابندی کس بات کی لگارہی ہے،جبکہ وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ حکومت میں بیٹھ کر بھی بے بس ہیں، ڈھائی تین سال میں ہم زرعی سیکٹر کیلئے کچھ نہیں کرسکے،کابینہ میں ہماری نہیں تاجروں کی بات سنی جاتی ہے،تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی نے مسلم لیگ کسان ونگ کے وفد اور دوسری کسان تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ ملکی غذائی ضروریات کو پورا کرنے والے کسانوں سے برا سلوک کب ختم ہو گا، کسانوں کو جب باردانہ نہیں دیا جا رہا تو پھر ضلع وار بار دانے پر پابندی کا کیا مقصد ہے، حکومت کسانوں سے گندم نہیں خرید رہی تو پھر پابندی کس بات کی؟ بہاولپور، ملتان، جنوبی پنجاب سمیت تمام اضلاع میں کاشتکار پر یشان ہیں ،پچھلے سال بھی یوکرائن کے کسانوں کو فائدہ پہنچایا گیا اور ہمارے کسان رل گئے تھے، سندھ حکومت اپنے کسانوں سے گندم 2 ہزار روپے فی من خرید رہی ہے، پنجاب کے کسانوں کا پتہ نہیں کیا حال ہوتا ہے یہ تو وقت ہی بتائے گا، دوسری طرف وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان زرعی مصنوعات کی کمیٹی کے اجلاس میں اپنی ہی حکومت پر برس پڑےاور کہا کہ سب کو ریلیف دیدیا،زراعت کو نہیں دیا گیا،خدا کا خوف کرو ،زمیندار کیساتھ اتنا ظلم نہ کریں، میں کابینہ میں بیٹھ کر بے بس ہوں ،ڈھائی تین سالوں میں زرعی سیکٹر کیلئے ہم کچھ نہیں کر سکے، زرعی سیکٹر کو ہم ریلیف نہیں دے سکے،گندم کی پیداوار ہر سال کم ہوتی جا رہی ہے،زرعی پیکج پر عملدرآمد کیا جائے،ہم کہاں کہاں سے گندم امپورٹ کر رہے ہیں۔

تازہ ترین