• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر یوتھ پروگرام کے تحت 8 ہزار سے زائد نوجوانوں کو تربیت دی گئی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ کے ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ کے اداروں میں تربیتی آلات فرسودہ ہو چکے ہیں ۔ یہ بات سندھ اسمبلی میں جمعہ کو وقفہ سوالات کے دوران بتائی گئی ۔ سندھ اسمبلی میں جمعہ کو وقفہ سوالات سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (سٹیوٹا ) اور محکمہ انسانی حقوق سے متعلق تھا ۔ سٹیوٹا کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ کے کوآرڈی نیٹر شاہد سلام تھہیم اور محکمہ انسانی حقوق کے لیے سینئر وزیر تعلیم اور پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے متعدد ارکان کے تحریری اور ضمنی سوالوں کے جوابات دیئے ۔ شاہد سلام تھہیم نے بتایا کہ بے نظیر بھٹو شہید یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 2009سے 2013 تک 8558نوجوانوں کو سول ٹیکنالوجی بشمول تعمیراتی شعبوں میں تربیت دی گئی اور اس پر 12 کروڑ روپے سے زیادہ رقم خرچ ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ سٹیوٹا کے تحت لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے 251 انسٹی ٹیوشنز ہیں ، جن میں نوجوانوں کو ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے ساتھ مختلف شعبوں میں تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے ۔ اداروں میں موجود کچھ ایکوئپمنٹ پرانا ہو چکا ہے ۔ اسے جدید ایکوئپمنٹ سے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ سٹیوٹا ہر سال منظور شدہ بجٹ کے مطابق نیا ایکوئپمنٹ اور نئی مشینری خرید رہا ہے ۔ نوجوانوں کو ملازمت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پاکستان ایئرفورس ، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سکھر اور فیملی فاؤنڈیشن کے ساتھ مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں تاکہ یہ ادارے نوجوانوں کو تربیت مکمل ہونے کے بعد ملازمت فراہم کرنے میں معاونت کر سکیں ۔ ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے بتایا کہ تین سال قبل ضلع عمر کوٹ کے قصبہ نیوچھور میں جمنا مینگھواڑ نامی خاتون پر مبینہ تشدد کا مقدمہ درج ہوا تھا۔ تحقیقات میں تشدد کا الزام ثابت نہیں ہوا ۔
تازہ ترین