• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاصم اظہر کا شفقت محمود سے امتحانات منسوخ کرنیکا مطالبہ

پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر کی جانب سے وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود سے کورونا وائرس کی صورتحال کے سبب طلبہ سے امتحانات نہ لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

عاصم اظہر مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر طلبہ کی آواز بن کر سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے اپنی نئی ٹوئٹس میں وفاقی وزیر شفقت محمود کو مخاطب کرتے ہوئے امتحانات ملتوی یا منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے جس پر اُن کے مداح اور فالوورز اُن کے اس مطالبے سے کافی خوش نظر آ رہے ہیں ۔

عاصم اظہر کی جانب  سےچند گھنٹے قبل شفقت محمود کو ٹیگ کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ’سر، ایسے حالات میں طلبہ سے امتحان لینا اُن کے ساتھ نا انصافی ہوگی، آ پ براہ کرم کوئی حل تلاش کیجئے،‘ عاصم اظہر کی جانب سے اس ٹوئٹ کے ساتھ ایک ہیش ٹیگ ’ ایگزیم کینسل ہوگا‘ بھی استعمال کیا گیا ہے ۔

عاصم اظہر کی جانب سے اپنی دوسری ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ’طلبہ اس عالمی وبا کے دوران بار بار اسکول بند ہونے اور کھلنے کے سبب بہت پریشان ہیں، وہ ذاتی طور پر کچھ ایسے طلبہ کو جانتے ہیں جن کا کورس ہی پورا نہیں ہوا ہے، براہ کرم کچھ کریں اور بچوں کا ساتھ دیں۔‘

عاصم اظہر کی جانب سے کی گئی ٹوئٹس پر طلبہ کی جانب سے بھی رد عمل دیا گیا جس پر عاصم اظہر کا اپنی مزید ٹوئٹس میں جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ’وہ طلبہ کی پریشانیاں اور ذہنی دباؤ کو سمجھتے ہیں، اگر وہ سنگر نہ ہوتے تو وہ بھی امتحانات کے سبب رو رہے ہوتے، وہ ان سب حالات کو بہت اچھی طرح سے جانتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اُنہیں امید ہے کہ شفقت محمود ان سب پریشانیوں کا کوئی مناسب حل ڈھونڈ لیں گے اور وہ پاکستان کی نوجوان نسل اور طلبہ کا ساتھ دیں گے، انشاءاللّٰہ۔‘

اپنی ٹوئٹس کے ذریعے عاصم اظہر کی جانب سے طلبہ سے سوال کیا گیا ہے کہ ’وہ طلبہ سے جاننا چاہتے ہیں کہ اگر تیاری کے لیے امتحانات منسوخ کرنے کے بجائے کچھ وقت کے لیے ملتوی کر دیئے جائیں تو کیا اُن کی مدد ہو سکتی ہے؟‘


تازہ ترین