• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورکرز کودفتر میں واپس لانے کیلئے ترغیبی مہم شروع

لندن(پی اے )لاک ڈائون کی پابندیوں میں نرمی کے ساتھ ہی ورکرز کودفتر میں واپس آنےکی ترغیب دینے کی مہم شروع کردی گئی ہے، کووڈ ۔ 19 ٹیسٹنگ ایڈوائزری کی فرم Cignpost Diagnostics نے اخبارات میں پورے پورے صفحات کے اشتہارات شائع کرائے ہیں اور لندن کے ٹرانسپورٹ کے مقامات پر یہ اشتہارات آویزاں کئے گئے ہیں اس میں ایڈنبرا اور کارڈف کے تاجروں کو ٹارگٹ کیا جارہاہے۔ اس میں کہاگیاہے کہ شادی ، وتدفین کی تقریبات، پبس سب ہی کھولے جارہے ہیں لیکن دفتر کی بنیاد پر کام کرنے والی تنظیموں کیلئے کچھ بھی نہیں کیاگیا۔اس مہم کا مقصد کمپنیوں کو اس بات کی معلومات فراہم کرنا ہے کہ وہ کس طرح اپنے ملازمین کو بحفاظت ملازمت پر واپس بلا سکتے ہیں، ریسرچ سے ظاہر ہوتاہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران شہروں اور قصبوں میں گہماگہمی بڑھ گئی ہے لیکن اس بات کے کوئی واضح شواہد نہیں ہیں کہ کورونا وائرس کے بعد گھروں سے کام کا رجحان شروع ہوجانے کے بعد اب تک کتنے افراد دفاتر میں واپس آچکے ہیں۔ Cignpost Diagnosticsکے شریک بانی نک مرکھم کا کہناہے کہ ویکسین کی کامیابی کے بعد بہت سے ادارے اپنے عملے کو دفتر میں واپس بلانا چاہتے ہیں بعض اپنی بقا کیلئے بھی دفتروں میں واپس آنا چاہتے ہیں جبکہ بعض لوگ کورونا کی وبا کے سبب اپنے عملے کی ذہنی صحت پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے فکر مند ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم دفاتر میں کورونا سے پاک ماحول بنانے کے حوالے سے مختلف حلقوں میں پائے جانے والے کنفیوژن کو ختم کرنا چاہتے ہیں ۔
تازہ ترین