اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وکلا رہنمائوں سے ملاقات کرنے سے معذرت کر لی،وکلاءمعافی مانگنے چیف جسٹس بلاک پہنچے تھے،داخلے کی اجازت نہیں ملی، وکلاء چیف جسٹس بلاک کے سامنے پھول رکھ کر واپس روانہ ہو گئے، بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے بعض وکلا کی جانب سے چیف جسٹس بلاک اور چیف جسٹس کے چیمبر پر حملہ کے بعد حالات کو معمول پر لانے کیلئے اطہر من اللہ سے ملاقات کی کوشش کی،وکلاء کی آمد سے قبل چیف جسٹس بلاک کے باہر سیکورٹی میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا، پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری تعینات کر کے چیف جسٹس بلاک کا مرکزی دروازہ بند کر دیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر راجہ زاہد محمود کی قیادت میں نویدحیات ملک ، خالد محمود ، شائستہ تبسم اور دیگر وکلاءپر مشتمل وفد چیف جسٹس بلاک پہنچا تو انہیں داخلے کی اجازت نہ ملی، پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ رجسٹرار بھی اس وقت آفس میں موجود نہیں ، آپ ان سے فون پر رابطہ کر لیں۔