اسلام آباد (طارق بٹ) راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (رودا) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) 15 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ کا پیکیج لیں گے۔ پنجاب ہاؤسنگ ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کی ایک کاپی دی نیوز کے پاس دستیاب ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ 18 فروری 2021 ء کو سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) کے ایک نوٹیفکیشن کے بعد پنجاب حکومت نے رودا کے سی ای او عمران امین کی تقرری کی شرائط اور معاملات طے کرلیے ہیں جو اس تاریخ سے نافذ العمل ہوں گے۔ وہ بنیادی تنخواہ 3 لاکھ روپے؛ 8 لاکھ روپے کے ماہانہ ڈویلپمنٹ الاؤنس؛ 2 لاکھ 40 ہزار کے ماہانہ رہائش الاؤنس؛ ڈیڑھ لاکھ روپے کے ماہانہ یوٹیلٹی چارجز؛ 13 سو سی سی کار اور ڈرائیور ، مقامی/لاہور استعمال کیلئے پی او ایل کے ماہانہ 300 لیٹرز؛ سرکاری دوروں کے لئے POL اصل استعمال کی بنیاد پر قابل قبول ہوگا؛ گریڈ 22 کے افسر کے لئے قابل قبول سفری الاؤنس اور طبی سہولت؛ اور سیلولر کنکشن سمیت10 ہزار روپے ماہانہ ٹیلیفون کی سہولت لیں گے۔ سپریم کورٹ خصوصاً سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے شہباز شریف کے ماتحت حکومت پنجاب کی قائم کردہ متعدد کمپنیوں کے سربراہوں کو دیئے گئے پے پیکجز کو مسترد کردیا تھا اور اس سلسلے میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ پر طنز کیا تھا۔