ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ سری نگر سے بھٹنڈا تک پاک فضائیہ نے دشمن کو سبق سکھایا، بھارتی فضائیہ کو عبرتناک اور تذلیل سے بھرپور شکست دی۔
اسلام آباد میں معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ایئر ہیڈکوارٹرز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے جوانوں کو معرکۂ حق میں کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزام لگایا، پاکستان نے بھارت کو غیر جانبدار تحقیقات کی پیش کش کی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے ہر جوان نے معرکۂ حق میں بہترین صلاحیت کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ نے ریکارڈ ٹائم میں دشمن کی تنصیبات کو تباہ کیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا، پاک فضائیہ نے بھارت کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو شدید نقصان پہنچایا، پاک فضائیہ نے دشمن کو دندانِ شکن شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی دفاع میں پاک فضائیہ کا کردار تاریخی ہے، پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی محافظ ہے، پاکستان کے سائبر شاہینوں نے دشمن کی سائبر سیکیورٹی کو تباہ کیا۔
ایئر چیف مارشل نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دنیا کے سرِ فہرست لڑاکا طیاروں کو خاک میں ملا دیا، دشمن کی تمام تنصیبات پاک فضائیہ کے نشانے پر تھیں، ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو لمحوں میں تباہ کیا۔
ایئر چیف نے مزید کہا کہ بنیان مرصوص میں پاکستان نے بہترین ڈرون صلاحیت کا مظاہرہ کیا، پاکستان نے فضائیہ، الیکٹرانک اور سائبر وار فیئر میں دشمن کو دھول چٹائی۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ ہماری قومی قیادت کی وجہ سے یہ کامیابیاں سمیٹنے کا موقع ملا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہترین قیادت نے کامیابی میں اہم کردار کیا، پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔