غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں حماس کے سینئر رہنما خلیل الحیہ کا بیٹا شدید زخمی جبکہ ایک فلسطینی کرنل شہید ہو گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق خلیل الحیہ نے بتایا ہے کہ ان کے بیٹے عزام الحیہ کی حالت تشویش ناک ہے، اسرائیلی حملے فلسطینی عوام اور مزاحمت کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ حملہ غزہ شہر کے علاقے الدراج میں کیا گیا جہاں 9 دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔
اسی روز خان یونس کے مغربی علاقے المواصی میں اسرائیلی حملے میں غزہ پولیس کے کرنل نسیم القلازانی بھی شہید ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق حملہ ان کی گاڑی کو نشانہ بنا کر کیا گیا جس میں 17 افراد زخمی ہوئے۔
نسیم القلازانی خان یونس میں انسدادِ منشیات کے شعبے کے سربراہ تھے۔
مزید حملوں میں غزہ شہر کے الزیتون علاقے میں 3 فلسطینی شہید ہوئے جس کے بعد ایک روز میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد کم از کم 4 ہو گئی۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر کسی حملے پر بیان جاری نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں۔
مقامی طبی ذرائع کے مطابق اکتوبر سے اب تک جنگ بندی کے دوران کم از کم 830 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ مجموعی شہادتوں کی تعداد 72 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔